پاکستان میں مسافر طیارہ گرکر تباہ، متعدد افراد ہلاک
پاکستان کا ایک مسافر بردار طیارہ ایبٹ آباد کے قریب گر کر تباہ ہوگیا ہے اور اس میں سوار تمام مسافروں کی ہلاکت کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق قومی ایئر لائن پی آئی اے کا ٹی آر بیالیس قسم کا یہ طیارہ چترال سے آسلام آباد جا رہا تھا تاہم پراوز کے کچھ دیر کے بعد اس کا رابطہ کنٹرول ٹاور سے منقطع ہوگیا۔
بدقسمت طیارے میں عملے کے ارکان سمیت سینتالیس مسافر سوار تھے۔ ریڈیو پاکستان اور مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق جہاز میں مشہور گلوکار جنید جمشید اور ان کے اہلخانہ بھی سوار تھے۔
کہا جا رہا ہے کہ بدقسمت طیارہ ایبٹ آباد کی تحصیل حویلیاں کے بٹولنی نامی گاؤں کے قریب واقعہ پہاڑیوں پرگر تباہ ہوا اور جائے حادثہ تک گاڑیوں کے ذریعے رسائی ممکن نہیں۔
ڈی پی او ایبٹ آباد خرم رشید کا کہنا ہے کہ طیارے میں سوار کسی مسافر کے بچنے کی امید نہیں ہے۔ طیارے کے ملبے سے لاشیں نکالنے کا عمل آخری اطلاعات ملنے تک جاری تھا۔
فوری طور پر طیارہ حادثے کی وجوہات کے بارے میں حکام نے کچھ نہیں بتایا تاہم بعض خبروں میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ انجینئروں نے طیارے کو پرواز کی اجازت دینے سے انکار کردیا تھا لیکن اس کے باوجود اسے اسلام آباد کے لیے روانہ کردیا گیا۔
پاکستان کے صدر اور وزیراعظم نے طیارہ حادثے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ اداروں کو متاثرین کے اہل خانہ کے ساتھ مکمل تعاون کا حکم دیا ہے۔