Feb ۱۳, ۲۰۱۷ ۰۹:۴۶ Asia/Tehran
  • فرقہ واریت سے دور رہنے کی تاکید

اللہ تعالٰی نے ہمیں قرآن مجید میں اسلام کے نام پر متحد رہنے کی تلقین کی ہے۔

جماعت اہل حرم  کے سربراہ شیخ الحدیث مفتی گلزاراحمد نعیمی نے مسلم یونیٹی یوتھ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ

مسلمانوں کو مسالک سے بالا تر ہوکر متحد ہونا چاہیے۔ اسلام نے ہمیں اللہ کی رسی کو مضبوطی سے تھامنے کا ارشاد فرمایا ہے اور اسی تاکید کے ساتھ فرقہ واریت سے دور رہنے کا بھی حکم دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالٰی نے ہمیں قرآن مجید میں اسلام کے نام پر متحد رہنے کی تلقین کی ہے اور قرآن نے ہمارا نام مسلمان رکھا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ نوجوان نسل کے لئے ہمارے تعلیمی نظام میں کوئی ایسی چیز موجود نہیں ہے، جو انہیں صراط مستقیم پر رکھ سکے۔ انہوں نے خود ہی اپنی اسلامی تعلیمات کو حاصل کرنا ہوگا اور طاغوتی قوتوں کے مقابلے میں اپنا لائحہ عمل طے کرنا ہوگا۔

اس موقع پر مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی رہنما علامہ امین شہیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں ان بنیادوں کو دیکھنا ہوگا، جو امت میں اختلاف کا باعث بن رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ طاغوت، پہلے اختلاف کی راہ ہموار کرتا ہے، اختلاف کو مزید بڑھاتا ہے اور پھر اسلام کو مورد الزام ٹھہرا کر اسلام اوراہل اسلام کو دہشت گرد قرار دیتا ہے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ڈاکٹر منیراحمد نے کہا کہ ہم اتحاد کے ذریعے سے ہی اسلام مخالف قوتوں کا مقابلہ کرسکتے ہیں۔ ہماری پہچان دین ہے اور یہ ہمیں باہمی اتحاد اور محبت کا درس دیتا ہے۔

مسلم یونیٹی یوتھ کانفرنس سے صاحبزادہ کاشف گلزار نعیمی، عبدالرحمان جلالپوری، محمد بشیر اعوان، عبدالوہاب اعوان، طلحہ زبیر، ناصر کیانی، مجتبٰی نعیمی اور محترمہ شمسہ و دیگر نے خطاب کیا اور کثیر تعداد میں نوجوانوں نے شرکت کی۔

 

ٹیگس