طاہراشرفی پاکستان علماء کونسل سے فارغ
پاکستان علماء کونسل کی مجلس شوریٰ نے فیصل آباد میں ہونے والے اپنے اجلاس میں ایک اہم فیصلہ کر لیا۔
مسلسل شکایات کے بعد پاکستان علماء کونسل کی مجلس شوریٰ نے حافظ طاہراشرفی کو پاکستان علماء کونسل کی چیئرمین شپ سے فارغ کر دیا جبکہ پاکستان علماء کونسل کی مجلس شوریٰ نے طاہر اشرفی کو وفاق المساجد پاکستان، تحفظ مدارس دینیہ پاکستان اور وفاق المدارس العربیہ کے عہدوں سے بھی معزول کر دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق طاہراشرفی کو ہٹانے کی وجہ طاہر اشرفی کی جانب سے مجلس شوریٰ کی اجازت کے بغیرامریکہ اور جرمنی سے معاہدے کرنا، غیر اسلامی حرکات ، مدارس اور مساجد میں غیر دینی سرگرمیوں کی حمایت کرنا ہے۔
پاکستان علماء کونسل کی مجلس شوریٰ نے حافظ طاہر اشرفی کی معزولی کے بعد سیکرٹری جنرل صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی کو متفقہ طور پر پاکستان علماء کونسل کا چئیرمین بنا دیا ہے۔
ذرائع کے مطابق طاہر اشرفی کے خلاف مجلس شوریٰ کو مسلسل شکایات مل رہی تھیں جن کے بعد شوریٰ نے ان کی نگرانی شروع کر دی تھی۔ شکایات کے ثابت ہونے کے بعد شوریٰ کی جانب سے اقدام کیا گیا ہے۔
صاحبزادہ زاہد محمود قاسمی نے شوریٰ کے اراکین کے ساتھ پریس کانفرنس کرتے ہوئے اعلان کیا کہ مولانا طاہر اشرفی کو چیئرمین پاکستان علماء کونسل کے عہدے سے ہٹا دیا گیاہے۔ زاہد محمود قاسمی کا کہنا تھا کہ طاہر اشرفی نے مجلس شوریٰ سے اجازت لیے بغیر امریکہ اور جر منی سے معاہدے کیے ،طاہر اشرفی اپنا اعتماد کھو چکے ہیں۔ تاہم اس حوالے سے طاہر اشرفی کا کہناتھا کہ زاہد قاسمی کے اجلاس میں مجلس شوریٰ کا صرف ایک رکن ہی تھا ۔
واضح رہے کہ طاہر اشرفی کی شخصیت ہمیشہ سے پاکستان میں متنازع رہی اورانھیں اپنی پالیسیوں، طرزعمل اور کارکردگی کی وجہ سے کڑی نکتہ چینی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔