Mar ۰۲, ۲۰۱۷ ۱۰:۵۲ Asia/Tehran
  •  پاکستان، دہشت گردی كو فروغ دینے والی 45 ویب سائٹس بند

پاکستان کی وزارت داخلہ نے نیشنل ایكشن پلان كے تحت ملک میں سوشل میڈیا كے ذریعے دہشت گردی اور انتہا پسندی كو فروغ دینے والی 45 ویب سائٹس بند كروا دیں۔

ذرائع کے مطابق قانون نافذ كرنے والے اداروں كی جانب سے نیكٹا كو رپورٹیں موصول ہوئی تھیں كہ مذكورہ ویب سائٹس كے ذریعے انتہا پسندی اوردہشت گردی كو فروغ دینے كی سازشیں ہو رہی ہیں جس سے نوجوان نسل كے گمراہ ہونے كی خدشات ہیں لہٰذا ملک و قوم كے مفاد میں ان ویب سائٹس پر فی الفور پابندی عائد كردی جائے۔

پاکستان کی وزارت داخلہ نے پہلے مرحلے میں 12 ویب سائٹس كو بند كرنے کی ہدایات جاری كی تھیں اور اب ایف آئی اے كی مصدقہ رپورٹ ملنے كے بعد باقی ماندہ ویب سائٹس پر بھی بین لگا دیا گیا ہے۔

ذرائع نے کہا كہ ایف آئی اے سائبر كرائم ونگ كو بھرپور انداز میں متحرک و فعال كرنے کے لیے وزیر داخلہ نے خصوصی احكامات جاری کرتے ہوئے كہا ہے کہ صرف سائبر كرائم كے تعلق سے عوامی شكایات كی داد رسی تک ہی اس ونگ كو محدود نہ ركھا جائے بلكہ ملک کو در پیش چلینجز كو مدنظرركھ كر نیشنل ایكشن پلان كے تحت دہشت گردی، انتہا پسندی اور عوام میں منافرت پھیلانے سمیت ایسی نوعیت كی تمام ویب سائٹس وسوشل میڈیا كے دیگر ذرائع كی كڑی مانیٹرنگ كركے اس كی فوری نیكٹا كو رپورٹ ارسال کی جائے تاكہ بر وقت ایكشن لے كر دشمن كے مذموم عزائم كو ناكام بنایا جاسكے۔

ٹیگس