16 مئی یوم مردہ باد امریکا
اصغریہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن حیدرآباد ڈویژن کی جانب سے 16 مئی یوم مردہ باد امریکا و اسرائیل کی مناسبت سے اولڈ کمپس سے پریس کلب حیدرآباد تک احتجاجی ریلی نکالی گئی۔
مردہ باد امریکا ریلی میں بچوں، خواتین اور نوجوانوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ ریلی میں شریک بچوں اور خواتین نے پلے کارڈ اٹھا رکھےتھے، ریلی کے اختتام پر امریکا اور اسرائیل کے پرچم نذر آتش کئے گئے۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے اے ایس او کے مرکزی صدر قمر عباس جتوئی نے کہا کہ مقبوضہ فلسطین میں اسرائیلی ظلم و بربریت ناقابل قبول ہے، عالمی استعمار امریکا نے فلسطین کی ہزاروں سالہ تاریخ کو ختم کرکے 16 مئی 1940ء میں اپنے ناجائز اولاد اسرائیل کو جنم دیا، اوراب تک ان دہشتگرد استعماری غاصب ریاستوں نے انسانیت پر ظلم و ستم کا بازار گرم کیا ہوا ہے، جس کے نتیجے میں ہزاروں فلسطینی عوام کا قتل عام کیا جا چکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل کا وجود کوئی غیرتمند انسان تسلیم نہیں کر سکتا، آج اسلامی ریاستوں سمیت پوری دنیا میں ہونے والی دہشتگردی کا سرچشمہ امریکا و اسرائیل ہیں۔
ریلی سے خطاب کرتے ہوئے امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان حیدرآباد ڈویژن کے رہنماء جمال زیدی نے کہا کہ بیت المقدس کی حفاظت کرنا ہر مسلمان پر واجب ہے، مگر ایک مخصوص سوچ کے گروہ نے بیت المقدس کیلئے کبھی بھی آواز نہیں اٹھائی، اب وہ آل یہود سے روابط قائم کرنے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ استعماری قوتوں کی ڈھال بنی نظر آتی ہے، اگر اقوام متحدہ بھی اس مسئلے پر خاموش رہے، تب بھی ہم اسرائیلی مظالم کے خلاف آواز اٹھانا جاری رکھیں گے۔ رہنماؤں نے مطالبہ کیا کہ فلسطین کو اس کی تاریخی حیثیت پربحال کرکے اسرائیل کا نام صفہ ھستی سے مٹایا جائے۔
واضح رہے کہ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان پورے ملک میں یوم مردہ باد امریکہ کی ریلی نکالنے کی بھر پورتیاریاں کر رہی ہے۔