چار جون مظلوموں اور محروموں کی یتیمی کا دن
علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا ہے کہ چار جون مظلوموں اور محروموں کی یتیمی کا دن ہے۔
بانی انقلاب اسلامی رہبر کبیر، بت شکن زمان حضرت آیت اللہ العظمیٰ سید روح اللہ خمینی رضوان اللہ تعالیٰ علیہ کی اٹھائیسویں برسی کے موقع پر مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے اپنے تعزیتی بیان میں کہا ہے کہ آج عالم بشریت کے تمام مظلوموں اور محروموں کی یتیمی کا دن ہے، آج خدا نے ہم سے وہ نعمت عظمیٰ واپس لی جوکہ عالم اسلام میں چودہ سو سالوں میں آئمہ معصومین کے بعد انتہائي بااثر اور محترم شخصیت تھی، جس نے عصر کے فرعون کو نہ فقط رسوا کیا بلکہ اس کے تخت شاہی کو پیروں تلے روند ڈالا،ظلم واستبداد کے خلاف ایسا قیام کیا جو تاقیامت مستضعفین کیلئے مشعل راہ قرار پایا۔
علامہ راجہ ناصرعباس جعفری نے کہا کہ حضرت امام خمینی کو ایران تک محدود رکھنا دشمن بالخصوص امریکہ کی سازش ہے، امام خمینی رہبر مسلمین جہاں تھے جس نے دنیا میں ہر مظلوم اور محروم تحریکوں کو طاقت اور جلا بخشی ۔ انہوں نے کہا کہ امام خمینی کا قیام دراصل اسلام کی بالادستی کے لیے تھا اور آج اگر ایران عالم اسلام کی رہبری کر تے ہوئے امریکہ و اسرائیل کی آنکھوں میں آنکھیں ڈال کر بات کر رہا ہے تو امام خمینی کی انقلابی تحریک کا ثمرہ ہے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ حضرت امام خمینی کا پیروکار چاہے جس ملک میں ہو وہ وفادار ہوگا اور امریکہ و اسرائیل جو کہ اسلام کے دشمن ہے ان کا دشمن ہوگا۔ امریکہ و اسرائیل سے مربوط طاقتیں دراصل اسلام کے چہرے پر بد نماداغ کی مانند ہیں ، امام خمینی کے افکار و نظریات پر عمل کر کے پاکستان کو امریکہ کے ناپاک وجود سے بچایا جاسکتا ہے اور ہم پاکستان کو اسلام کا قلعہ بنا سکتے ہیں، امام خمینی تمام مظلوموں اور پسے ہوئے طبقوں کے رہنماء تھے اور انہوں نے ظلم کے مقابلے میں ڈٹ جانے کا درس دیا۔