Jun ۱۴, ۲۰۱۷ ۱۱:۳۱ Asia/Tehran
  • یوم القدس کو سرکاری سطح پر منانے کا مطالبہ

پاکستان کے عوام رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو یوم القدس بھرپورانداز میں منا کر اتحاد بین المسلمین کا مظاہرہ کریں گے.

فلسطین فاؤنڈیشن پاکستان کے زیر اہتمام کراچی کے مقامی ہوٹل میں’القدس اتحاد امت کا مرکز‘ کے عنوان سے کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

مقررین نے خطاب کرتے ہوئے حکومت پاکستان سے مطالبہ کیا کہ حکومت یوم القدس کی تقریبات کو سرکاری سطح پر مناتے ہوئے یوم القدس کو سرکاری دن کے طور پر منانے کا اعلان کرے۔

القدس کانفرنس کے شرکاء نے کہا کہ عالمی سامراجی قوتوں نے مسلمان حکمرانوں کو یرغمال بنا رکھا ہے جس کے نتیجہ میں اسرائیل کے ناپاک عزائم بڑھتے ہی چلے جا رہے ہیں، امریکا اور عرب ممالک کے مشترکہ اجلاس میں فلسطین کے خلاف کی جانے والی سازشوں کا پردہ فاش ہو چکا ہے، جس پر مسلم دنیا کے عوام میں تشویش کی لہر پائی جاتی ہے۔

مقررین نے کہا کہ آج دنیا بھرمیں دہشتگردوں کی مدد کرنے والا امریکی سامراج فلسطینیوں کی اپنے حقوق کے دفاع کے لئے کی جانے والی مزاحمت کو دہشتگردی قرا ر دے رہا ہے اور مسلم دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے، اسرائیلی جعلی ریاست کے ناپاک عزائم کا راستہ روکنے کے لئے مسلم دنیا کو چاہئیے کہ عالمی دہشت گرد امریکا کا سہارا لینے کی بجائے آپس میں اتحاد و اتفاق کا عملی مظاہرہ کرے۔

پاکستان کے اہلسنت اورشیعہ علماء نے کہا کہ پاکستان کے عوام فلسطین کاز کے ساتھ ہیں اور فلسطینیوں کے ساتھ کسی قسم کی نا انصافی نہیں ہونے دیں گے۔

مقررین نے کہا کہ حضرت امام خمینیؒ بہت پہلے ہی یہ نظریہ پیش کر چکے ہیں کہ مذاکرات کے ذریعے مسئلہ فلسطین حل نہیں ہوگا، لہٰذا فلسطینیوں کو قیام کرنا پڑے گا، چاہے وہ پتھر اور غلیل سے ہی کیوں نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ رہبر انقلاب اسلامی حضرت آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای اعلان کرچکے ہیں کہ اسرائیل کا ناپاک وجود دنیا کے نقشے سے  بہت جلد مٹ جائے گا۔

مقررین نے کہا کہ دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی ماہ رمضان المبارک کے آخری جمعة الوداع کو عالمی یوم القدس بھرپور انداز میں منایا جائے گا، اس میں تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں اور تمام شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور عوام بھرپور انداز میں شرکت کرکے مظلوم فلسطینیوں سے یکجہتی اور صیہونی اسرائیل سے نفرت کا اظہار کریں اورعالمی سطح پر واضح پیغام دیں کہ فلسطین کاز کے حوالے سے پوری پاکستانی قوم متحد ہے۔

 

 

 

ٹیگس