تکفیری گروہوں کی سرگرمیوں پرتشویش
پاکستان میں سپاہ صحابہ نامی کالعدم تکفیری گروہ نام بدل کر کام کر رہا ہے۔
پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ کالعدم اہلسنت و الجماعت اورکالعدم سپاہ صحابہ آج بھی نام بدل کرکام کر رہی ہیں۔ نیشنل ایکشن پلان کے تحت کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں کو نہیں روکا گیا تو شدت پسندی جنم لے گی، وفاقی حکومت کالعدم تنظیموں کی سرگرمیوں پر تشویش کے بجائے روک تھام کیلئے قانونی اقدامات کرے۔ پاکستان سنی تحریک کے سربراہ کا کہنا تھا کہ قومی ایکشن پلان پرعمل درآمد کو یقینی نہیں بنایا گیا تو انتہاپسندوں اور دہشتگردوں کو آکسیجن لینے کا موقع ملے گا، جو کسی طور بھی ملک کے امن کیلئے بہتر نہیں ہے۔
ثروت اعجاز قادری کا کہنا تھا کہ کالعدم تنظیموں اور انتہاپسندی کے خاتمے کیلئے آرمی پبلک اسکول حملے کے بعد نیشنل ایکشن پلان بنایا گیا تھا، جس پرعمل درآمد سے دہشتگردی کے خاتمے میں بڑی کامیابیاں ملی ہیں، تاہم ان کا کہنا تھا کہ وفاقی و صوبائی حکومت امن و امان کے بہتر اور دیرپا قیام کیلئے قومی ایکشن پلان کو اس کی روح کے مطابق عملی جامہ پہنائیں، دہشتگردی کے ناسور کو ختم کرکے ہی ملک کو آگے کی طرف لے جایا جا سکتا ہے۔
پاکستان سنی تحریک کے سربراہ نے کہا کہ کالعدم تنظیموں کی نقل و حمل کو روکنے کیلئے قومی ایکشن پلان کی شق 7 پر مکمل عمل درآمد کیا جائے۔ ان کا کہنا تھا کہ کالعدم تنظیموں کی جاری سرگرمیوں پرعوام میں گہری تشویش پائی جا رہی ہے۔ واضح رہے کہ عوام ملک میں مکمل امن اور دہشتگردی، جرائم و انتہاپسندی کا خاتمہ چاہتے ہیں، دہشتگردی کے خلاف جاری آپریشن میں پوری قوم پاک فوج کے ساتھ کھڑی ہے۔