فیس بک پر اسلام مخالف مواد امتِ مسلمہ کے لئے تشویشناک
پاکستان نے کہا ہے کہ فیس بک پر اسلام مخالف اور گستاخانہ مواد کی موجودگی نہ صرف پاکستان بلکہ پوری امتِ مسلمہ کے لیے تشویش ناک امر ہے۔
پاکستان کے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان سے فیس بک کے اعلیٰ عہدیدار جوئل کپلان نے اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ ہم آزادی اظہار رائے پر مکمل یقین رکھتے ہیں لیکن سوشل میڈیا پر توہین آمیز اور گستاخانہ مواد بڑی تعداد میں اب بھی دیکھا جا سکتا ہے جو کسی صورت برداشت نہیں کر سکتے۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ امر مسلمانوں کے لیے تشویش ناک ہے۔
چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ پاکستان میں فیس بک کے 3 کروڑ 30 لاکھ سے زیادہ یوزرز ہیں لیکن ہمارے نزدیک اسلام اور اس کی پاکیزہ ہستیاں سب سے زیادہ محترم اور مقدم ہیں۔
اس موقع پر فیس بک کے نائب صدر جوئل کپلان نے کہا کہ وہ اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو مزید محفوظ اور پاکستانی اقدار سے ہم آہنگ کرنے کی کوشش کریں گے۔
جوئل کپلان نے وزیر داخلہ کو یقین دلایا کہ وہ نہ صرف جعلی اکاؤنٹس بند کر دیں گے بلکہ دہشت گردی اور تشدد کی وجہ بننے والے نفرت آمیز اور غیراخلاقی مواد ہٹانے کی کوشش بھی کریں گے۔
واضح رہے کہ فیس بک کے ذریعے اسلام اور رسول اسلام (ص) کی شان اقدس میں توہین کے خلاف پاکستان کے عوام نے احتجاجی مظاہرے کئے تھے اور اس قسم کے مواد کی اشاعت کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔