دہشتگرد اسلام دشمن قوتوں کے ایجنٹ
علامہ پیر ریاض حسین شاہ نے کہا ہے کہ اسلام کے نام پر دہشتگردی کرنے والے اسلام دشمن قوتوں کے ایجنٹ ہیں۔
جماعت اہلسنت پاکستان کے مرکزی ناظم اعلی اور معروف اہلسنت عالم دین علامہ پیر ریاض حسین شاہ نے لاہور میں ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کو اسلام سے جوڑ کر مسلمانوں کو بدنام کیا جا رہا ہے، اسلام کے نام پر دہشتگردی کرنیوالے اسلام دشمن قوتوں کے ایجنٹ ہیں، اسلام انتہاپسندی نہیں محبت اور امن کی تلقین کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم حکمران امریکہ کی غلامی سے نجات حاصل کریں، اسلامی اقوام متحدہ کا قیام وقت کی اہم ضرورت ہے، مسلم ممالک مشترکہ کرنسی کا اجرا کریں، دہشتگردی کی آگ بھڑکا کر مسلم دنیا کو تباہ کیا جا رہا ہے۔
علامہ ریاض حسین شاہ نے کا کہنا تھا کہ عالمگیر غلبہ اسلام کے لئے صوفیا کے طرز تبلیغ کو اپنانے کی ضرورت ہے، یورپ میں چرچ فروخت ہو رہے ہیں اور مسجدوں میں اضافہ ہو رہا ہے جو کہ اسلام کی مقبولیت کی دلیل ہے، یورپ کے مسلمانوں کو امتیازی رویوں کا سامنا ہے، سیکولر طبقہ بیرونی ایجنڈے پر کام کر رہا ہے لیکن دین بے زار عناصر یاد رکھیں کہ پاکستان اور قرآن لازم و ملزوم ہیں، قرآن اور ایمان کی آواز دبنے نہیں دیں گے۔