Jul ۳۰, ۲۰۱۷ ۰۸:۳۲ Asia/Tehran
  • پاکستان میں وزیراعظم کی دوڑ

مسلم لیگ (ن) نے شہباز شریف کے رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے تک شاہد خاقان عباسی کو عارضی جبکہ عمران خان نے شیخ رشید کو وزیر اعظم بنانے کا اعلان کر دیا ہے۔

نواز شریف کی زیر صدارت پاکستان مسلم لیگ (ن) کا مشاورتی اجلاس ہوا، جس میں شہباز شریف کے رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے تک عبوری مدت کے وزیراعظم کے لیے شاہد خاقان عباسی اور خواجہ آصف کا نام زیرغور آیا۔ بعد ازاں شاہد خاقان عباسی کو عارضی طور پر وزیراعظم بنانے کا باضابطہ اعلان کردیا گیا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس کے دوران شرکاء نے نواز شریف کی قیادت پر مکمل یکجہتی اور اعتماد کا اظہار کیا۔ نواز شریف گزشتہ روز ہی شہباز شریف کو ملک کا اگلا وزیر اعظم بنانے کا عندیہ دے چکے تھے جب کہ شہباز شریف کو نواز شریف کی نااہلی سے خالی ہونے والی نشست این اے 120 سے الیکشن لڑوا کر منتخب کرایا جائے گا۔ وزیراعلی پنجاب کے عہدے کی سپردگی کے حوالے سے بھی اجلاس میں غور کیا گیا۔

در ایں اثنا نوازشریف نے مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ  ماضی میں بھی (ن) لیگ کی حکومتیں مختلف طریقوں سے گرائی گئیں لیکن عوام نے ہمیشہ ان طریقوں کو مسترد کیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو فیصلہ کرنے دیں کہ یہ کیا ہورہا ہے، اگر آپ کی فہم و فہراست تسلیم کرتی ہے تو میں مجرم ہوں، یہاں لوگوں کی جیبیں بھری ہوئی ہیں لیکن وہ ڈکلیئر نہیں کرتے۔ نواز شریف نے کہا کہ ترقی کا یہ پہیہ رکنا نہیں چاہیے، فیصلے پر اختلاف کرنا میرا حق ہے، ایک دوسرے کو گریبان سے پکڑ کر جیلوں میں بھیج کر ملک نہیں چلائے جا سکتے۔

دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار کے مقابلے میں اپوزیشن کے مشترکہ امیدوار کے طور پر شیخ رشید کا نام دے دیا۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ ہماری کوشش ہے کہ وزیر اعظم کے لیے اپوزیشن کا مشترکہ امیدوار سامنے لایا  جائے۔ ادھراپوزیشن کا مشترکہ امیدوار سامنے لانے کے لئے تحریک انصاف کے وائس چیرمین شاہ محمود قریشی نے سیاسی جماعتوں سے رابطے بھی شروع کر دیئے ہیں۔ جبکہ عمران خان نے سوشل میڈیا پر اپنے ٹویٹ میں کہا کہ آج اسلام آباد کے تاریخی جلسے میں عوام اللہ کا شکر ادا کریں گے تو نواز شریف کو اندازہ ہو گا کہ قوم سیاسی طور پر باشعور ہو چکے ہیں اور ان کے جھوٹ سے بے وقوف بننے والے نہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف صرف اپنے کرپٹ ساتھیوں پر اعتبار کر سکتے ہیں جیسے کہ شاہد خاقان عباسی جو کہ دو ارب روپے کے ایل این جی اسکینڈل میں ملوث ہیں۔ عمران خان نے مزید کہا کہ  نواز شریف اپنے بھائی شہباز شریف کو وزیراعظم نامزد کر کے قوم کے وقار کو مجروح کر رہے ہیں اور جمہوریت کا مذاق اڑا رہے ہیں جب کہ سپریم کورٹ شہباز شریف کے خلاف نیب میں ریفرنس دائر کرنے کا کہہ چکی ہے۔

ٹیگس