نوازشریف لندن سے اسلام آباد واپس
پاکستان کے سابق وزیراعظم نوازشریف لندن سے واپس اسلام آباد پہنچ گئے ہیں جہاں منگل کو وہ احتساب عدالت میں پیش ہوں گے
اسلام آباد کے بینظیر بھٹو بین الاقوامی ہوائی اڈے پر پارٹی کے رہنماؤں نے ان کا استقبال کیا جس کے بعد پنجاب ہاؤس میں انہوں نے پارٹی کے رہنماؤں سے مشاورت اور ملاقات کی - اسلام آباد کے لئے لندن سے روانہ ہونے سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے نوازشریف نے پاناماکیس میں سنائی گئی سزا پر ایک بار پھر اعتراض کیا- انہوں نے کہا کہ کیس پاناما کا تھا لیکن سزا دوسرے معاملے میں سنائی گئی انہوں نےایک بار پھر اپنے اوپر عائد الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہم نے کوئی کرپشن نہیں کی ہے- سابق وزیراعظم منگل کو احتساب عدالت میں پیش ہوں گے- نوازشریف کا کہنا تھا کہ وہ اہلیہ کی تیمارداری کے لئے لندن گئے تھے اور ایسا کوئی ارادہ نہیں تھا کہ وہ واپس وطن نہیں لوٹیں گے - دوسری جانب نوازشریف کے سیاسی مخالف اورعوامی مسلم لیگ کے رہنما شیخ رشید نے کہا ہے کہ نوازشریف کی وطن واپسی کا فیصلہ دانشمندانہ ہے- انہوں نے کہا کہ اگر مسلم لیگ نون نے اب اداروں کو برا نہ کہا تو حالات بہتر ہوں گے - ان کا کہنا تھا کہ عدالت نے ان لوگوں سے دستاویزات مانگے جو یہ لوگ نہیں دے سکے - شیخ رشید نے ایک بار پھر اپنے مخصوص انداز میں کہا کہ آئندہ چھے ماہ پاکستان کے لئےاہم ہوں گے -