Sep ۲۶, ۲۰۱۷ ۰۷:۵۳ Asia/Tehran
  • نوازشریف احتساب عدالت میں پیش

پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف نیب ریفرنسز میں احتساب عدالت میں آج صبح پیش ہوئے۔

نواز شریف آج صبح سخت سکیورٹی میں احتساب عدالت میں پیش ہوئے۔ پیشی کے موقع پر جوڈیشل کمپلیکس میں موجود ن لیگ کے حامی وکلاء نے زبردست نعرے بازی کی۔

پاکستان کے سابق وزیراعظم کی احتساب عدالت روانگی سے قبل راجا ظفر الحق، پرویز رشید، وزیر مملکت جنید انوار، وزیراعظم کے مشیر سینیٹرآصف کرمانی اور برجیس طاہرسمیت دیگر ن لیگی رہنما پنجاب ہاؤس پہنچےاور مشاورت کی۔

ایون فیلڈ پراپرٹیز ریفرنس، لندن فلیٹس کی ملکیت سے متعلق ہے، اس ریفرنس میں نوازشریف ان کے دوبیٹوں حسن نواز، حسین نواز، بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ دیگر دو ریفرنسز میں العزیزیہ اسٹیل ملز جدہ اور آف شور کمپنیوں کی ملکیت سے متعلق فلیگ شپ انوسٹمنٹ شامل ہیں۔

ان دونوں ریفرنسز میں نوازشریف سمیت ان کے دونوں بیٹوں حسن اورحسین نواز کو ملزم نامزد کیا گیا ہے۔ عدالت نے تمام ملزمان کو پیش ہونے کے لیے سمن جاری کر رکھے ہیں۔

واضح رہے کہ نواز شریف کل صبح 7:45 پر اسلام آباد پہنچے تھے۔ وطن روانگی سے قبل ایئر پورٹ پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ مجھ پر الزام پاناما کا تھا لیکن سزا اقامہ پر ہوگئی۔

 

ٹیگس