پاکستان میں آٹھویں محرم کا جلوس
پاکستان میں آٹھویں محرم کےجلوس کے لئے سکیورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔
پاکستان کے مختلف شہروں من جملہ کراچی، کوئٹہ، پشاور، حیدرآباد، لاہور،ڈیرا اسماعیل خان اور جھنگ میں جلوس کی گذر گاہوں سے ملحقہ سڑکوں کو کنٹینر رکھ کر بند کردیا گیا اور سکیورٹی دستوں کو تعینات کردیا گیا ہے اور یہ سلسلہ دس محرم کی رات تک جاری رہے گا۔
کراچی سے موصولہ رپورٹ کے مطابق ایم اے جناح روڈ اور صدر میں جلوس کی گذر گاہوں سے ملحق سڑکوں کو کنٹینر رکھ کر بند کر دیا گیا۔ دونوں جانب دکانوں کے تالوں پر بھی سیل لگادی گئی۔ دس محرم کی رات تک دکانیں اور سڑک بند رہیں گی ۔
جلوس کے روٹ پر آنے والے بازار اور دکانوں کو بھی سیل کردیا گیا ہے ۔ دکانداروں سے دکان کلیئر ہونے کا حلف نامہ لیا گیا ہے۔ کسی دکان میں ناخوشگوار واقعہ کا ذمہ دار دکاندار ہوگا جبکہ جلوس کے روٹ میں آنے والی تمام رہائشی عمارتوں کا سروے مکمل کرلیا گیا ہے۔
کراچی میں محرم الحرام کے سلسلے میں نکلنے والے آٹھویں محرم کا جلوس آج برآمد ہوگا۔ جلوس کی گذرگاہ کو رات سے ہی بند کرکے دکانیں سیل کردی گئی ہیں۔ سکریٹری داخلہ سندھ نے کہا ہے کہ پی ٹی اے نے موبائل فونز بند کرنے سے متعلق خط کا مثبت جواب دیا ہے اور حساس مقامات پر موبائل فون بند کئے جائیں گے۔
کراچی میں آٹھویں، نویں اور دسویں محرم کے سلسلے میں نشتر پارک سے جلوس نکالے جائیں گے جو اپنے مقررہ روایتی راستوں سے ہوتے ہوئے کھارادر میں واقع امام بارگاہ حسینیہ ایرایناں پر اختتام پذیر ہوگا۔
8 سے 10 محرم تک اسپتالوں میں ایمرجنسی نافذ رہے گی۔
دوسری جانب سیکریٹری داخلہ سندھ نے میں آٹھ سے دس محرم الحرام کے دوران موبائل فون بند کرنے سے متعلق بتایا ہے کہ صوبے میں سکیورٹی ہائی الرٹ ہے اور حساس مقامات پر موبائل فون بند کئے جائیں گے۔