Oct ۰۲, ۲۰۱۷ ۱۴:۱۹ Asia/Tehran
  • پاکستان: نوازشریف دوسری بار احتساب عدالت میں پیش

پاکستان کے سابق وزیراعظم نوازشریف پیر کو احتساب عدالت میں پیش ہوئے تاہم ان پر فرد جرم ‏عائد نہیں ہو سکی۔

پاکستانی میڈیا رپورٹوں کے مطابق سابق وزیراعظم نواز شریف قومی احتساب بیورو کی جانب سے اپنے خلاف دائر ریفرنسوں کے سلسلے میں اسلام آباد میں احتساب عدالت میں دوسری بار پیش ہوئے لیکن ان پر فرد جرم ‏‏‏عائد نہ ہوسکی-

قبل ازیں نواز شریف ایک قافلے کی صورت میں اسلام آباد میں اپنی رہائشگاہ پنجاب ہاؤس سے احتساب عدالت پہنچے، اس موقع پر سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے اور کسی بھی وزیر یا سیاسی رہنما کو عدالت میں داخل ہونے کی اجازت نہیں دی گئی-

اس دوران وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ انہیں رینجرز نے عدالت میں داخل ہونے سے روک دیا جس کی اعلی سطح پر انکوائری کی جائے گی-

انہوں نے کہا کہ رینجرز وزارت داخلہ کے ماتحت ہے لیکن انھیں احکامات کہیں اور سے مل رہے ہیں-

دوسری جانب پاکستان کی احتساب عدالت نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بیٹوں اور داماہ کی گرفتاری کے غیر ضمانتی وارنٹ جاری کر دیئے۔

اسلام آباد سے ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق احتساب عدالت نے نواز شریف کے بیٹوں حسن، حسین اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کے ناقابل ضمانت جبکہ صاحبزادی مریم نواز کے قابل ضمانت وارنٹ جاری کر دیئے۔

اس رپورٹ کے مطابق پیر کو احتساب عدالت میں شریف خاندان کے خلاف تین نیب ریفرنسوں کی سماعت ہوئی۔

احتساب عدالت کے روبرو نوازشریف کے بیٹوں، بیٹی اور داماد کی عدم پیشی پر ان کے وکیل نے عدالت کے سامنے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ کلثوم نواز کی بیماری کی وجہ سے ان کے بچے عدالت میں پیش نہیں ہوئے اور آئندہ تاریخ پر ضرور پیش ہوں گے۔

احتساب عدالت نے وکلا کی یقین دہانی کو مسترد کرتے ہوئے سابق وزیر اعظم نواز شریف کے بیٹوں حسن نواز اور حسین نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدر کے ناقابل ضمانت اور بیٹی مریم نواز کے قابل ضمانت وارنٹ گرفتاری جاری کر دیئے اور حکم دیا کہ آئندہ سماعت پر ملزمان کو گرفتار کر کے پیش کیا جائے۔ 

 

ٹیگس