کامیابی کیلئے امام حسینؑ کے نقش قدم پرچلنے کی ضرورت
پاکستان کے اہلسنت علماء کا کہنا ہے کہ دنیا بھرمیں جہاں امن اور قربانی کی بات ہوگی وہاں حضرت امام حسین(ع) کا نام ہوگا۔
ملتان میں جمعیت علمائے پاکستان کے زیراہتمام منعقدہ شہدائے کربلا کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جے یو پی کے مرکزی رہنماعلامہ قاری زوار بہادر نے کہا کہ حضرت امام حسین(ع) نے دین کی خاطر سر تو کٹوا دیا لیکن یزید کے ہاتھوں بیعت نہیں کی۔
جمعیت علمائے پاکستان کے مرکزی رہنماء محمد ایوب مغل نےاس موقع پرکہا کہ حضرت امام حسین(ع) نے اپنے نانا کے دین کو بچانے کے لئے سر تو کٹوا دیا لیکن اپنے سر کو جھکنے نہیں دیا۔
جمعیت علمائے پاکستان کے مذہبی امور کے سیکریٹری مفتی تقدس حسین رضوی نے کہا کہ حضرت امام حسین(ع) نے ہمیں سربلند کر کے چلنا سکھایا فکر حسینؑ پرعمل اور ان کے نقش قدم پر چلنے سے ہمیں کامیابی مل سکتی ہے، دنیا بھر میں جہاں امن اور قربانی کی بات ہوگی وہاں حضرت امام حسین(ع) کا نام ہوگا، حسینیت کا پیغام امن کا پیغام ہے۔
جمعیت علمائے پاکستان ملتان کے صدر علامہ صاحبزادہ شفیق اللہ بدری نے کہا کہ جمعیت علمائے اسلام دین کی سربلندی کے لئے دن رات کوشاں ہے امت مسلمہ آج جن مسائل کا شکار ہے وہ سب دین کی دوری کی وجہ سے ہے اگر ہم آج قرآن و سنت پر عمل پیرا ہو جائیں تو دنیا و آخرت میں کامیابی حاصل کر سکتے ہیں۔