Oct ۰۷, ۲۰۱۷ ۰۹:۰۹ Asia/Tehran
  • نوازشریف مارشل لاء لگوانے کے درپے ہیں: عمران خان

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ نواز شریف ملک میں مارشل لاء لگوانے کی پوری کوشش کررہے ہیں۔

پشاور میں نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا کہ سابق وزیراعظم نواز شریف فوج اور سپریم کورٹ پر حملے کے لئے (ن) لیگ کو استعمال کررہے ہیں، منی لانڈرنگ کا جرم ثابت ہونے پر بیرون ملک ان کی اربوں روپے کی جائیدادیں اور اثاثے منجمد ہوجائیں گے جنہیں وطن واپس لایا جائے گا۔

تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ اس وقت وفاقی حکومت مفلوج ہے اور ایک نااہل شخص کو بچانے اور پروٹوکل میں لگی ہے، ایسا قانون منظور کیا گیا جس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا کہ چور ہو یا ڈاکو کوئی بھی شخص پارٹی کا سربراہ بن سکتا ہے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ قبائلی علاقہ جات میں اس وقت کوئی نظام نہیں، جنگ کی وجہ سے پرانا نظام ختم ہوگیا ہے، خصوصا وزیرستان کے حالات بہت زیادہ خراب ہیں، وہاں عمارتیں نہیں اور آئی ڈی پیز کو سر چھپانے کے لیے پناہ گاہ میسرنہیں۔

انہوں نے کہا کہ فاٹا کو خیبر پختونخوا میں ضم کرنے کے سوا کوئی آپشن نہیں، صوبائی حکومت اس سلسلے میں انتظامی و معاشی طور پر تیار ہے تاہم ان کا کہنا تھا کہ مجھے خطرہ ہے کہ فاٹا کو خیبرپختونخوا میں ضم کرنے کا موقع ضائع کیا جارہا ہے، وفاق اس سلسلے میں اقدامات نہیں کررہا، فاٹا سیکرٹریٹ کرپشن کا اڈہ ہے، قبائلی علاقوں کو ان کے حصے کا پیسہ ملتا ہی نہیں، اربوں روپے کی اسمگلنگ ہوتی ہے، پولیٹکل ایجنٹس کی تعیناتی کے لیے کروڑوں روپے دیے جاتے ہیں، چوکیاں بکتی ہیں اور اربوں روپے کی کرپشن کی جاتی ہے، اسی وجہ سے قبائلی علاقوں کے لوگ پیچھے رہ گئے ہیں، حکومت 2023 تک فاٹا کا انضمام موخر کرنا چاہتی ہے جس کے نتیجے وہاں کے لوگ مزید پیچھے چلے جائیں گے۔

 

ٹیگس