Nov ۰۳, ۲۰۱۷ ۱۴:۵۲ Asia/Tehran
  • پاکستان میں شریف خاندان کے خلاف مقدمے کی سماعت ملتوی

پاکستان کے سابق وزیر اعظم نواز شریف اپنی بیٹی اور داماد کے ہمراہ ایک بار پھر احتساب عدالت میں پیش ہوئے ہیں۔

میڈیا رپورٹوں کے مطابق سابق وزیر اعظم نوازشریف، بیٹی مریم نواز اور داماد صفدر مالی بدعنوانی سے متعلق نیب ریفرنسز کی سماعت کے لیے اسلام آباد کی احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پر اہم دستاویزات بھی ساتھ لائے تھے۔
اس موقع پر انہوں نے عدالت میں اپنی حاضری یقینی بنانے کے لیے پچاس پچاس لاکھ روپے کے دو ضمانتی مچلکے بھی جمع کرا دیے۔

احتساب عدالت نے مزید سماعت منگل سات نومبر تک ملتوی کردی۔
دریں اثنا پاکستان کے قومی احتساب بیورو نیب نے احتساب عدالت کی جانب سے نواز شریف کے داماد محمد صفدر کی ضمانت پر رہائی کے فیصلے کے خلاف اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کر دی۔
نیب کی جانب سے دائر کی گئی درخواست میں کہا گیا کہ ملزم محمد صفدر کو جوڈیشل ریمانڈ پر اڈیالہ جیل بھیجا جائے۔
نیب نے درخواست میں موقف اختیار کیا کہ گرفتاری کے بعد ضمانت پر رہائی کا حکم صرف عدالت عالیہ ہی دے سکتی ہے۔
قابل ذکر ہے کہ پاکستان کی سپریم کورٹ کے پاناما پیپرز کیس کے حتمی فیصلے میں دی گئی ہدایات کی روشنی میں قومی احتساب بیورو نیب کی جانب سے نواز شریف اور ان کے صاحبزادوں کے خلاف تین ریفرنس دائر کیے گئے تھے جبکہ ان کی بیٹی اور داماد کا نام لندن میں موجود فلیٹس سے متعلق ریفرنس میں شامل ہے۔

ٹیگس