Nov ۰۷, ۲۰۱۷ ۱۱:۴۷ Asia/Tehran
  • نوازشریف احتساب عدالت میں پیش

احتساب عدالت نے شریف خاندان کے خلاف تینوں نیب ریفرنسز یکجا کرنے کی درخواست پر فیصلہ محفوظ کرلیا ہے۔

پاکستان کے سابق نااہل ہونے والے وزیراعظم نوازشریف، ان کی بیٹی مریم اور داماد کیپٹن (ر) صفدر آج صبح مالی بدعنوانی سے متعلق نیب ریفرنسز کی سماعت کے لیے احتساب عدالت میں پیش ہوگئے۔

شریف خاندان کے خلاف دائر تینوں ریفرنسز کو یکجا کرنے سے متعلق درخواستوں کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے ملزمان کے وکیل اور نیب پراسیکیوٹر کے دلائل مکمل  ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا جو آج سہ پہر تین بجے سنایا جائے گا۔

شریف خاندان کی پیشی کے موقع پر احتساب عدالت کے باہر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کیے گئےتھے جبکہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں اور کارکنوں کی بڑی تعداد بھی عدالت کے باہر موجود رہی۔

پاکستان کے سابق وزیراعظم نے گزشتہ سماعت میں عزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز میں پچاس پچاس لاکھ روپے کے دو ضمانتی مچلکے جمع کرائے تھے۔ گزشتہ سماعت پر اسلام آباد ہائی کورٹ کی جانب سے تفصیلی فیصلہ نہ ملنے کے باعث سماعت بغیر کارروائی کے ملتوی کر دی گئی تھی۔

واضح رہے کہ پاکستانی سپریم کورٹ نے 28 جولائی کو پاناما لیکس مقدمے میں نواز شریف کو نااہل قرار دیتے ہوئے نیب کو ان کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کا حکم دیا تھا۔ نیب نے 8 ستمبر کو نوازشریف اور ان کے بچوں کے خلاف لندن فلیٹس، آف شورکمپنیوں، عزیزیہ اسٹیل اور ہل میٹل کمپنی سے متعلق 3 مقدمات درج کیے۔

ان مقدمات میں نیب آرڈیننس کی سیکشن 9 اے لگائی گئی ہے جو غیرقانونی رقوم اور تحائف کی ترسیل سے متعلق ہے۔ جرم ثابت ہونے کی صورت میں ملزمان کو 14 سال قید کی سزا ہوسکتی ہے۔

 

ٹیگس