وزیراعظم پاکستان کے دورہ سعودی عرب پر چیئرمین سینیٹ کی تنقید
پاکستانی سینیٹ کے چیئرمین نے وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کے دورہ سعودی عرب پر شدید تنقید کی ہے اور کہا ہے کہ ملکی حالات کے بارے میں فیصلے پارلیمنٹ کو اعتماد میں لئے بغیر کئے جا رہے ہیں۔
پاکستانی سینیٹ کے چیئرمین رضا ربانی نے کہا ہے کہ ایک ایسے وقت میں جب حکومتی کارکردگی پر عوامی احتجاج اور دھرنے کی وجہ سے وزیر قانون زاہد حامد کو استعفی دینا پڑا، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا دورہ سعودی عرب مناسب نہیں تھا اور نہ ہی اس کا کوئی جواز بنتا تھا-
چیئرمین سینیٹ رضا ربانی نے کہا کہ وزیر اعظم نے سعودی عرب کا دورہ پارلیمان کے مشورے کے بغیر انجام دیا- انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ملک سے باہر چلے گئے اور وزیر داخلہ احسن اقبال شہر سے باہر نکل گئے-
سینیٹ کے چیئرمین رضاربانی نے وزیراعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی کے دورہ سعودی پر شدید تنقید کرتے ہوئے سوال کیا کہ ملکی حالات اہمیت کے حامل تھے یا سعودی عرب جانا ضروری تھا؟۔
انہوں نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب حکومت کو ٹھیکے پر دے دیں- رضا ربانی نے استفسار کیا کہ اگر ملکی معاملات پر ایوان کو اعتماد میں نہیں لینا ہے تو ہم یہاں کس لئے بیٹھے ہیں-
پاکستانی سینیٹ کے چیئرمین نے کہا کہ ایوان کو اعتماد میں لئے بغیر دھرنے والوں سے راتوں رات معاہدہ کر لیا گیا-
دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما، سینیٹر نعمان وزیر خٹک نے بھی یمن کے خلاف سعودی عرب کے خود ساختہ فوجی اتحاد میں پاکستان کی شمولیت کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس فیصلے کے تعلق سے پارلیمنٹ کو اعتماد میں نہیں لیا گیا-
تحریک انصاف کے رہنما نے کہا کہ سعودی عرب کے خود ساختہ فوجی اتحاد میں شمولیت کے لئے حکومت پاکستان کو پارلیمنٹ سے اجازت لینی چاہئے تھی لیکن حکومت نے اپوزیشن جماعتوں کی رائے معلوم کئے بغیر من مانی کرتے ہوئے سعودی اتحاد میں شمولیت کا فیصلہ کر لیا-
اس سے پہلے پاکستان کے سابق آرمی چیف ریٹائرڈ جنرل مرزا اسلم بیگ نے بھی کہا تھا کہ یمن کے خلاف سعودی عرب کا خود ساختہ فوجی اتحاد امریکا اور اسرائیل کے دباؤ میں تشکیل پایا ہے جس کا مقصد اسلامی ملکوں میں اختلاف اور نفاق ڈالنا ہے-
مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے بھی کہا ہے کہ نام نہاد سعودی اتحاد مسلمان ملکوں میں اختلاف ڈالنے اور امت اسلامیہ کی توجہ فلسطینیوں پر ڈھائے جا رہے صیہونیوں کے مظالم اور یمن پر سعودی عرب کی وحشیانہ جارحیتوں سے ہٹانے کے لئے بنایا گیا ہے-