نوازشریف نظریہ کرپشن کا نام :عمران خان
چشتیاں میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا کہ نواز شریف پاکستان کے میر جعفر اور میر صادق ہیں، وہ ملک کو تقسیم کرنے کی کوشش کررہے ہیں اور بیرونی آقاؤں کو خوش کرنے کے لیے پاکستان کی ہر چیز قربان کے لیے تیار ہیں۔
چیرمین تحریک انصاف نے کہا کہ نواز شریف اپنا پیسہ بچانے کے لیے عدلیہ و فوج کے خلاف سازش کیلئے ہر وقت تیار رہتے ہیں، نواز شریف 300 ارب چوری کرکے باہر لے گئے، جسے بچانے کے لیے وہ ہر کام، سمجھوتہ اور مفاہمت کرنے کے لیے تیار ہیں۔
عمران خان نے کہا کہ میں نے کوئٹہ میں نواز شریف کی تقریر سنی، وہ ملک کو تقسیم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، لیکن ہم نے صوبائی تقسیم ختم کرنی ہے اور چاروں صوبوں کے عوام میں نفرتیں نہیں بڑھانی بلکہ ختم کرنی ہیں، پی ٹی آئی ملک کو متحد کرے گی، نوازشریف اپنا پیسہ بچانے کے لیے پاکستان کو نقصان پہنچانے والا ہر کام کرنے کے لیے تیار ہے، نواز شریف نظریہ کرپشن کا نام ہے، ان کا ساتھ دینے والوں کو بھی ڈر ہے کہ اگلی باری ان کی ہے، نیب چیرمین سے اپیل ہے کہ وزیر داخلہ احسن اقبال کے اقامے کی بھی تحقیقات کریں اور حدیبیہ کیس کو کھولیں جس میں پورے شریف خاندان کا نام ہے۔