Dec ۱۵, ۲۰۱۷ ۱۴:۱۹ Asia/Tehran
  • جہانگیر ترین نا اہل، سپریم کورٹ آف پاکستان

سپریم کورٹ نے پاکستان تحریک انصاف کے جنرل سیکریٹری جہانگیر ترین کو تا حیات نااہل قرار دے دیا ہے۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے اب سے تھوڑی ہی دیر قبل جہانگیر ترین کی نااہلی سے متعلق درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ جہانگیر ترین پر مالی بدعنوانی کے الزامات ثابت ہوئے اور وہ صادق و امین نہیں رہے اس لئے وہ سیاست میں حصہ نہیں لے سکتے اور تا حیات ان پر پارلیمانی سیاست میں حصہ لینے پر پابندی عائد ہوتی ہے۔

فیصلہ سنائے جانے کے وقت جہانگیر ترین، تحریک انصاف کے ترجمان فواد چوہدری ، درخواست گزار حنیف عباسی، وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری اور دیگر سیاسی شخصیات کمرہ عدالت میں موجود تھیں۔

چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کی سربراہی میں جسٹس عمرعطا بندیال اور جسٹس فیصل عرب پر مشتمل سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے ایک سال سماعت کے بعد 14 نومبر کو فیصلہ محفوظ کیا تھا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل سپریم کورٹ آف پاکستان کے چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے عمران خان کی نااہلی سے متعلق درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے کہا تھا کہ عمران خان  پر مالی بدعنوانی کے الزامات ثابت نہیں ہوئے اس لئے وہ نا اہل نہیں ہیں۔

یاد رہے کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی نے آف شور کمپنیاں چھپانے پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان اور جہانگیر ترین کی نااہلی کے لیے دو درخواستیں دائر کی تھیں۔

 

ٹیگس