Dec ۱۷, ۲۰۱۷ ۰۸:۳۰ Asia/Tehran
  • نوازشریف کا ملک گیر تحریک چلانے کا اعلان

پاکستان کے سابق اور نا اہل ہونے والے وزیر اعظم نوازشریف اپنی بیٹی مریم نوازکے ہمراہ آج صبح لندن سے لاہور پہنچ گئے۔

پاکستان کےسابق وزیراعظم نوازشریف ایک روزآرام کے بعد پارٹی رہنماؤں کا اجلاس بلائیں گے، جس میں عمران خان اورجہانگیرترین کے لیے سپریم کورٹ کی جانب سے آنے والے فیصلوں سمیت مختلف امورپربات چیت کریں گے جب کہ منگل کووہ احتساب عدالت میں بھی پیش ہوں گے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف نے لندن میں ایئرپورٹ روانگی سے قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کے دو ترازوں نہیں چلیں گے، عمران خان نااہلی کیس میں جوعدالتی فیصلہ آیا وہ خودبول رہا ہے کہ اس طرح کا انصاف نہیں چلے گا جب کہ اس کے خلاف تحریک چلائیں گے اور قانون و آئین کی حکمرانی کے لیے جو کرنا پڑا کروں گا۔

لندن میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف نے عمران خان کی نااہلی سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر رد عمل دیتے ہوئے کہا کہ مجھے کہا جارہا ہے کہ تنخواہ نہیں لی لیکن لاکھوں پاؤنڈز کے کاروبار کو یہ اثاثہ نہیں کہہ رہے جب کہ میری خیالی تنخواہ کو انھوں نے اثاثہ مان لیا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ عمران اور جہانگیر ترین کے مقدموں میں مجھے ہی نا اہل کیا جائے گا، جو فیصلہ کل آیا وہ خود اپنے منہ سے بول رہا ہے۔

ٹیگس