نوازشریف بیٹی اور داماد کے ہمراہ احتساب عدالت میں پیش
پاکستان کے سابق وزیراعظم نوازشریف اپنی بیٹی اور داماد کے ہمراہ احتساب عدالت میں پیش ہوگئے۔
پاکستان کے نا اہل ہونے والے سابق وزیراعظم نوازشریف بیٹی مریم نواز اور داماد کیپٹن (ر) صفدرحسین کے ہمراہ احتساب عدالت میں پیش ہوگئے۔ نوازشریف کی احتساب عدالت میں آج 10 ویں پیشی ہے جب کہ فلیگ شپ انویسٹمنٹ، ایون فیلڈ پراپرٹیزریفرنسزکی 16 سماعتیں ہوچکی ہیں۔
سماعت کے دوران نیب کی جانب سے دائرکردہ العزیزیہ ریفرنس میں استغاثہ کے گواہ یاسرشبیرکا بیان قلمبند کیا جارہا ہے تاہم اب تک 8 گواہان اپنے بیانات قلمبند کراچکے ہیں۔ نوازشریف عدالت پیشی کے بعد پنجاب ہاؤس اسلام آباد روانہ ہو گئے جہاں وہ پارٹی رہنماؤں سے سیاسی صورتحال سمیت مختلف امورپربات کریں گے۔
واضح رہے کہ نوازشریف کا استثنیٰ 13 دسمبراورمریم نوازکا استثنیٰ 15 دسمبر کو ختم ہو گیا تھا جب کہ گزشتہ سماعت پرعدالت نے نواز شریف کے وکیل کی استدعا مسترد کرتے ہوئے نجی بینک کی منیجر نورین شہزاد کی جانب سے فراہم کردہ دستاویزات کو ریکارڈ کا حصہ بنانے کا حکم دے دیا تھا۔