ہندوستانی قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر پاکستانی دفتر خارجہ میں طلب
پاکستان نے ہندوستان کے قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر کو دفتر خارجہ طلب کرکے لائن آف کنٹرول پر بھارتی اشتعال انگیزی پر شدید احتجاج کیا۔
ہندوستان کے قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر کو پاکستان کے دفتر خارجہ طلب کرکے گزشتہ روز لائن آف کنٹرول پر رکھ چکری اور راولا کوٹ سیکٹر میں ہندوستانی فورسز کی جانب سے بلااشتعال فائرنگ پر شدید احتجاج کیا گیا۔
دفترخارجہ کے مطابق ڈی جی ساؤتھ ایشیا اینڈ سارک ڈاکٹر محمد فیصل نے ہندوستانی قائم مقام ڈپٹی ہائی کمشنر کو احتجاجی مراسلہ بھی دیا جس میں کہا گیا کہ ہندوستان 2003 کے سیز فائر معاہدے کا احترام کرے اور رکھ چکری سیکٹر سمیت سیزفائرکی خلاف ورزی کے دیگر واقعات کی تحقیقات کرے جب کہ ہندوستان سے مطالبہ کیا گیا کہ وہ اقوام متحدہ کے فوجی مبصرگروپ کو اپنا کردار ادا کرنے دے۔
واضح رہے ہندوستانی فورسز کی گزشتہ روزلائن آف کنٹرول پر فائرنگ سے 3 پاکستانی فوجی ہلاک جب کہ ایک زخمی ہوا تھا اس سے دو روز قبل لائن آف کنٹرول پر فائرنگ سے ایک میجر سمیت 4 ہندوستانی فوجی ہلاک ہو گئے تھے۔
پاکستان اور ہندوستان ایک دوسرے پر لائن آف کنٹرول پر سیز فائر کی خلاف ورزی کے الزامات عائد کرتے رہتے ہیں۔