پاکستان:5 دہشتگرد ہلاک، 5 سکیورٹی اہلکار زخمی
پاکستان کے شہروں کراچی اور کوئٹہ میں سکیورٹی فورسزاور دہشتگردوں کے مابین ہونے والی جھڑپوں میں 5 دہشتگرد ہلاک اور 5 سکیورٹی اہلکار زخمی ہو گئے۔
انچارج سی ٹی ڈی مظہر مشوانی کے مطابق کراچی میں بلدیہ ٹاون میں سی ٹی ڈی اور رینجرز سے مقابلے میں کالعدم تحریک طالبان کے 3 دہشت گرد مارے گئے، جبکہ دہشت گردوں کی فائرنگ سے 2 رینجرز اور ایک سی ٹی ڈی اہلکار بھی زخمی ہوئے۔
دہشت گردوں سے خودکش جیکٹ، بلاک بم اور دیگر اسلحہ برآمد ہوا تاہم برآمد کیے گئے دیسی ساختہ دھماکہ خیز مواد کنٹرول دھماکے سے ضائع کر دیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق اردو بازار میں مرنے والے دہشت گردوں سے تھا،اپریل 2017 میں اردو بازار میں ہونے والے مقابلے میں 5 دہشت گرد مارے گئے تھے۔
ادھر بلوچستان کے شہر کوئٹہ کے علاقے بلیلی میں ایف سی چیک پوسٹ کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 2 سیکیورٹی اہلکاروں سمیت 6 افراد زخمی ہوگئے زخمیوں میں سے 2 کی حالت تشویشناک بتائی جارہی ہے۔
سیکیورٹی ذرائع کے مطابق دھماکے کے فوراً بعد حملہ آوروں کی جانب سے فائرنگ بھی کی گئی اور جوابی فائرنگ میں 2 حملہ آوروں کو ہلاک کردیا گیا ہے۔