Jan ۲۲, ۲۰۱۸ ۰۸:۲۱ Asia/Tehran
  • پاکستان کابل ہوٹل پرحملے میں ملوث نہیں

دفتر خارجہ نے کچھ افغان حلقوں کی جانب سے پاکستان پر کابل ہوٹل پر حملے کا الزام مسترد کر دیا ہے ۔

پاکستانی ترجمان دفتر خارجہ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ افغانستان کے کچھ حلقوں کی جانب سے حالیہ حملے کے الزامات پاکستان پر لگائے گئے ۔ تحقیقات کے بجائے الزام پاکستان پر لگانا بے بنیاد ہے، انٹر کانٹی نینٹل ہوٹل حملے کی مکمل تحقیقات کی ضرورت ہے ۔

واضح رہے کہ سنیچر کوافغان دارالحکومت کابل کے ہوٹل پر حملے میں غیر ملکیوں سمیت 18 سے زائد ہلاک ہوگئے، ہلاک ہونے والوں میں مقامی ایئرلائن عملے کے 11غیرملکی افراد بھی شامل ہیں، طالبان نے حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔ افغان میڈیا نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ ہوٹل حملے میں درجنوں افراد ہلاک ہوئے ہیں، ہلاک ہونے والوں میں مقامی ایئرلائن کا غیر ملکی عملہ، افغان اعلیٰ امن کونسل کے رکن احمد فروزن اور پاکستان میں افغان سفارتکار ڈاکٹر وحید بھی شامل ہیں۔

4 حملہ آوروں نے کابل ہوٹل پر حملہ کر کے ہوٹل میں موجود افراد کو یرغمال بنا لیا تھا، افغان سیکورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان مقابلہ 13 گھنٹے جاری رہا،مقابلے میں تمام حملہ آوروں کو ہلاک کر دیا گیا۔ افغان حکام کے مطابق ہوٹل سے 41 غیرملکیوں سمیت 126 افراد کو بحفاظت نکالا گیا، حملے کی ذمے داری طالبان نے قبول کرلی ہے۔

ٹیگس