پاکستانی فوج سعودی عرب بھیجے جانے کی مخالفت
پاکستان کی سینیٹ کے چیئرمین رضا ربانی نے تربیت دینے کے بہانے مزید پاکستانی فوجی دستے سعودی عرب بھیجے جانے کی مخالفت کی ہے۔
پاکستانی سینیٹ کے چیئرمین رضا ربانی نے پاک فوج کا اضافی دستہ سعودی عرب بھجوانے کے اعلان کو ملکی قوانین کے منافی قرار دیا ہے۔
پاکستانی سینٹ کے چئیرمین رضا ربانی نے وزیردفاع سے استفسار کیا کہ وزیراعظم اور آپ نے فیصلے سے آگاہ ہونے کے باوجود پارلیمنٹ کو اعتماد میں کیوں نہیں لیا، کیوں نہ وزیراعظم اور آپ کے خلاف توہین پارلیمنٹ کی کارروائی کی جائے؟
درایں اثنا سنی اتحاد کونسل کے سربراہ صاحب زادہ حامد رضا اور ملی یکجہتی کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ ابوالخیر محمد زبیر نے بھی فوج بھیجنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا ہے کہ فوج نے قومی مفادات کو آل سعود کے مفادات پر قربان کر دیا ہے۔
ان رہنماؤں کا کہنا تھا کہ آل سعود خاندان کے ہاتھ عراق، شام اور یمن سمیت مختلف ملکوں میں بے گناہ مسلمانوں کے خون سے رنگین ہیں لہذا پاکستان کو مسلمانوں کے قتل میں معاونت کے لیے سعودی عرب نہ بھیجا جائے۔