Mar ۱۱, ۲۰۱۸ ۱۴:۳۶ Asia/Tehran
  • نوازشریف پر لاہور میں جوتا چلانے کی مذمت

پاکستان کے سابق وزیراعظم اور حکمراں جماعت مسلم لیگ نون کے قائد نوازشریف پر لاہور میں ایک پروگرام کے دوران جوتا پھینکا گیا ہے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق لاہور کے دارالعلوم نعیمیہ میں مفتی محمد حسین نعیمی کی برسی کی مناسبت سے منعقدہ پروگرام میں جب نوازشریف اسٹیج پر پہنچے تو ایک شخص نے ان پر جوتا پھینکا جو ان کے کندھے پر لگا۔عینی شاہدین کا کہنا ہے کہ جوتا لگنے کے بعد چند سیکنڈ تک نوازشریف بالکل ہکا بکا رہ گئے۔جوتا پھینکنے کے بعد اس شخص نے دونوں ہاتھوں کو اوپر اٹھا کر نعرہ بھی لگایا۔
دوسری جانب دارالعلوم نعیمیہ کی انتظامیہ نے جوتا پھینکنے والے شخص کوپکڑ لیا ہے اور وہاں موجود لوگوں نے اس کی پٹائی بھی کی ہے۔ اس سے پہلے ہفتے کو وزیرخارجہ خواجہ آصف پر بھی سیالکوٹ میں ایک تقریب کے دوران سیاہی پھینکی گئی تھی۔ نوازشریف پر جوتا پھینکے جانے کے واقعے کی پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے مذمت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری اخلاقیات ایسے واقعات کی اجازت نہیں دیتیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیاہی پھینکنا اور جوتا پھینکنا کوئی مہذب طریقہ نہیں ہے۔
شیخ رشید نے بھی اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ غیر سیاسی عمل ہے۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما قمرزمان کائرہ نے نوازشریف پر جوتا پھینکے جانے کے واقعے پر اپنا ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔

ٹیگس