May ۱۵, ۲۰۱۸ ۰۶:۵۳ Asia/Tehran
  • سفارتی استثنیٰ یا امریکی دباؤ، کرنل جوزف امریکہ روانہ

پاکستانی شہری کو کچل کر ہلاک کرنے والا امریکی کرنل جوزف پاکستان سے امریکا روانہ ہوگیا۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق اسلام آباد میں پاکستانی شہری کو کچل کر ہلاک کرنے کے مرتکب امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف کو دفتر خارجہ کی جانب سے سفارتی استثنیٰ دے دیا گیا جس کے بعد وہ نورخان ایئربیس سے خصوصی طیارے کے ذریعے امریکا روانہ ہوگئے۔

سفارتی ذرائع کا کہنا ہے کہ کرنل جوزف کو ویانا کنونشن 1961 کے تحت سفارتی استثنیٰ حاصل ہے حادثے کے بعد پاکستانی حکام نے امریکا سے درخواست کی تھی کہ کرنل جوزف کو حاصل سفارتی استثنیٰ ختم کیا جائے تاہم امریکا نے سفارتی استثنیٰ کو ختم نہیں کیا جس پر اس سہولت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے کرنل جوزف امریکا روانہ ہوگئے۔

خیال رہے کہ ایک روز قبل بھی کرنل جوزف نے امریکا جانے کی کوشش کی تھی اور انہیں لینے کے لیے ایک طیارہ آیا تھا تاہم ایف آئی اے نے دفتر خارجہ کی کلیئرنس نہ ہونے پر انہیں پاکستان چھوڑنے سے روک دیا تھا۔

امریکی سفارتکار کی گاڑی سے ہلاک ہونے والے شہری عتیق کے والد نے کرنل جوزف کے معاملے میں صلح ہونے یا دیت کی رقم لینے کی تردید کردی۔

جاں بحق شہری عتیق کے والد ادریس بیگ نے کہا ہے کہ کرنل جوزف کے معاملے پر کوئی بات چیت نہیں ہوئی، ہماری بات چیت اپنی حکومت کے ساتھ چل رہی ہے اور اب معاملہ اللہ کی ذات پر چھوڑ دیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ معاملے کے آغاز میں امریکا کی جانب سے ورثا کو 40 لاکھ روپے اور ایک بچے کو نوکری کی پیشکش کی گئی تھی لیکن ہم نے پیشکش قبول کرنے سے انکار کردیا تھا۔

اس ضمن میں ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ پیشکش امریکی سفارت خانے کی جانب سے ادریس بیگ کو حادثے کے چوتھے دن کی گئی تھی تاہم مرحوم عتیق کے والد نے ابتداء میں کسی قسم کی دیت لینے سے انکار کیا تھا جس کے بعد مختلف چینلز کے ذریعے عتیق کے ورثا سے صلح کی کوششیں جاری رہیں۔

بعدازاں عتیق کے والد نے کرنل جوزف کے خلاف ہائی کورٹ میں درخواست دائر کردی تھی کہ ملزم کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے نام ای سی ایل میں ڈالا جائے تاکہ وہ ملک سے باہر نہ جاسکے تاہم حکومت کی جانب سے امریکی ملٹری اتاشی کرنل جوزف کو سفارتی استثنیٰ دے دیا گیا جس کے بعد وہ فوری طور پر امریکا روانہ ہوگئے۔

واضح رہے کہ 7 اپریل کو گاڑی میں سوار کرنل جوزف نے اسلام آباد کے علاقے بارہ کہو کے قریب ٹریفک سگنل توڑ کر  موٹر سائیکل سوار دو افراد کو کچل دیا تھا جس کے نتیجے میں عتیق بیگ نامی نوجوان موقع پر جاں بحق اور اس کا کزن شدید زخمی ہوگیا تھا۔

ٹیگس