تحریک انصاف اور مجلس وحدت المسلمین کے مابین سیٹ ایڈجسٹمنٹ
پاکستان تحریک انصاف نے الیکشن 2018ء میں کامیابی کے لئے مجلس وحدت المسلمین سمیت 4 سیاسی جماعتوں سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرلی ہے ۔
ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی نے مجلس وحدت المسلمین، مسلم لیگ(ق)،عوامی مسلم لیگ اورگرینڈ ڈیموکریٹک الائنس سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی ہے۔
پی ٹی آئی اور مجلس وحدت المسلمین کے مابین پنجاب اور بلوچستان میں معاملات طے پائے ہیں۔
پی ٹی آئی اور ق لیگ کے مابین قومی اسمبلی کی 4نشستوں پر معاملات طے پائے ہیں۔
شیخ رشید کی جماعت عوامی مسلم سے راولپنڈی کے 2حلقوں این اے 60 اور 62 پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوئی ہے جبکہ سندھ میں تحریک انصاف نے پیپلز پارٹی مخالف اتحاد گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس کے ساتھ 10سے زائد نشستوں پر سیٹ ایڈجسٹمنٹ کی ہے ۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی نے پی ٹی آئی اور مجلس وحدت المسلمین کے مابین سیٹ ایڈجسٹمنٹ کے حوالے سے کہا ہے چونکہ تحریک انصاف کا لوکل حوالے سے اور خارجہ پالیسی کے حوالے سے موقف ہمارے قریب تر اور بہتر ہے، میرا خیال ہے کہ اگر اوپر کی سطح پر ڈاکٹرائن اور پالیسی درست ہو تو نیچے بھی وہی پالیسی نظر آتی ہےاس لئے تحریک انصاف سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ ہوئی تاہم ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کو ابھی بہت کچھ سیکھنے کی ضرورت ہے، پی ٹی آئی خیبر پختونخوا میں کوئی زیادہ بہتر رول ادا نہیں کرسکی۔ وہاں پر بھی ٹارگٹ کلنگ کا سلسلہ جاری رہا ہے، پی ٹی آئی کو جس طرح رسپانس دینا چاہیے تھا نہیں دیا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں 25 جولائی کو پارلیمانی انتخابات منعقد ہونے جا رہے ہیں۔