افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں: پاکستان
پاکستان کا کہنا ہے کہ افغانستان کے سیاسی حل کے حامی ہیں لیکن طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانا پاکستان کی ذمہ داری نہیں ہے۔
اسلام آباد میں اپنی ہفتہ وار پریس بریفنگ میں پاکستان کے ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کا کہنا تھا کہ پاکستان بارہا کہہ چکا ہے کہ افغانستان کے سیاسی حل کے حامی ہیں کیوں کہ ہم یقین رکھتے ہیں کہ افغان مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں، پاکستان طالبان کے ساتھ مذاکرات کی حمایت کرتا ہے لیکن طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانا صرف پاکستان کی ذمہ داری نہیں، ہم افغان صدر اشرف غنی کے اقدامات کی بھی حمایت کرتے ہیں اور امید ہے کہ طالبان امن کے قیام کے لیے موقع کا فائدہ اُٹھائیں گے۔
ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ ہندوستان کشمیر میں انسانی حقوق اور عالمی قوانین کی پاسداری کرے اور عالمی برادری کو بھی چاہئے کہ وہ ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی کا نوٹس لے۔