Jul ۳۰, ۲۰۱۸ ۰۷:۵۹ Asia/Tehran
  • مرکز اور پنجاب میں حکومت بنانے کیلئے عمران خان کی پوزیشن مضبوط

مسلم لیگ (ق ) نے (ن) لیگ کے رابطوں کو مسترد کرتے ہوئے تحریک انصاف کا ساتھ دینے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق مسلم لیگ قائد اعظم نے حکومت سازی میں تحریک انصاف کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے جس کے لیے انہوں نے مسلم لیگ (ن) کے رابطوں کو مسترد کرتے ہوئے انہیں صاف انکار کردیا ہے۔ یہ فیصلہ چوہدری شجاعت حسین کی سربراہی میں پارٹی کے اعلیٰ سطحی مشاورتی اجلاس میں کیا گیا جس میں کہا گیا کہ (ن) لیگی قیادت نے ہمیشہ مفادات کے لیے رابطہ کیا، ہم تحریک انصاف کے اتحادی ہیں اور اس اتحاد کو مزید مضبوط کرنے کے لیے مرکز اور پنجاب میں تحریک انصاف کا ساتھ دیا جائے گا۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کی جانب سے سردار ایاز صادق نے پنجاب میں حکومت بنانے کے لیے مسلم لیگ (ق) کے رہنما چوہدری پرویزالٰہی سے رابطہ کرکے ان سے (ن) لیگ کا ساتھ دینے کی درخواست کی تھی۔

دوسری جانب آزاد اراکین اسمبلی کی تحریک انصاف میں شمولیت کا سلسلہ جاری ہے اورکل پنجاب اسمبلی کے مزید 3 نو منتخب اراکین تحریک انصاف میں شامل ہوگئے جس کے بعد پی ٹی آئی کے ارکان کی تعداد بڑھ کر131 تک پہنچ چکی ہے جس کے بعد سیٹوں کے حوالے سے سب سے بڑی جماعت بن چکی ہے جبکہ پی ٹی آئی کے ترجمان کے مطابق پنجاب اسمبلی سے مزید کامیاب امیدوار آج شام تک تحریک انصاف میں شامل ہوجائیں گے۔ اورپی ٹی آئی پنجاب میں حکومت سازی کے عمل کا جلدآغازکرےگی ۔

واضح رہے کہ صوبہ پنجاب میں تحریک انصاف اور مسلم لیگ ن حکومت بنانے کیلئے سرتوڑ کوشش کر رہی ہیں تاہم نمبر گیم کے حوالے سے تحریک انصاف کی پوزیشن مضبوط دکھائی دیتی ہے۔

 

ٹیگس