پاکستانی صدر کا دورہ ملتوی، عمران خان 18 اگست کو حلف اٹھائیں گے
کہا جا رہا ہے کہ پاکستان کےصدر ممنون حسین نے وزیراعظم کی تقریب حلف برداری کے پیش نظر اپنا دورہ برطانیہ ملتوی کر دیاہے۔
ذرائع ایوان صدر کے مطابق صدر ممنون حسین کی برطانیہ روانگی 15 اگست کو طے تھی جب کہ سرکاری دورے کے شیڈول کے مطابق صدر کی واپسی 19 اگست کو ہونا تھی تاہم تحریک انصاف نے صدر مملکت سے غیر ملکی دورے کو ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی کیوں کہ انہی تاریخوں میں نئے وزیراعظم کی تقریب حلف برداری متوقع ہے۔
ایوان صدر ذرائع نے تصدیق کی ہے کہ صدر مملکت نے اپنا دورہ برطانیہ ملتوی کردیا ہے اور ایوان صدر وزیراعظم کی 16 سے 18 اگست کے دوران ہونے والی متوقع تقریب حلف برداری کے لیے تیار ہے۔
بنی گالہ کے باہر میڈیا سے بات چیت میں ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ عمران خان کی تقریب حلف برداری 18 اگست کو ہوگی جب کہ ارکان اسمبلی 13 اگست کو حلف اٹھائیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ تقریب حلف برداری کی تیاری کل سے شروع ہوگی، عمران خان وزیراعظم پنجاب ہاؤس میں نہیں بلکہ منسٹرانکلیو میں قیام کریں گے۔
اس موقع پر پی ٹی آئی رہنما سینیٹر فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ عمران خان کی وزیر اعظم کے لیے حلف برداری کی تقریب میں سابق بھارتی کپتان کپل دیو، نوجوت سدھو اور سنیل گواسکر کو مدعو کیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ ورلڈ کپ 1992 کی فاتح پاکستانی ٹیم کے کھلاڑیوں کو بھی تقریب حلف برداری میں شرکت کے لیے دعوت نامے ارسال کر دیے گئے ہیں۔