Aug ۱۸, ۲۰۱۸ ۱۵:۰۵ Asia/Tehran
  • عمران خان نے وزارت عظمی کے عہدے کا چارج سنبھال لیا

پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ملک کےبائیسویں وزیراعظم کی حیثیت سے اپنے عہدے کا حلف اٹھالیا ہے۔حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں ہوئی جس میں پاکستان کے اعلی سول اور فوجی حکام بھی شریک تھے۔ پاکستان کے صدر ممنون حسین نے عمران خان سے ان کے عہدے کا حلف لیا۔

اسلام آباد سے ہمارے نمائندے کے مطابق ایوان صدر میں پاکستان کے بائیسویں وزیراعظم کی تقریب حلف برداری میں میں مختلف ممالک کے سفیروں، اہم سیاسی، فوجی شخصیات، غیر ملکی مہمانوں اور کرکٹ کے کھلاڑیوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔تقریب حلف برداری میں عمران خان کی خصوصی دعوت پر پاکستان آئے ہوئے بھارت کے سابق کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو کے علاوہ ہندوستان کے ہائی کمشنر بھی شریک تھے۔عمران خان کی تقریب حلف برداری میں عمران خان کی اہلیہ اور بشریٰ مانیکا نے بھی خصوصی شرکت کی جو مکمل حجاب میں نظر آرہی تھیں۔پاکستان کی پارلیمانی روایات کے مطابق تقریب کا آغاز تلاوت کلام اللہ مجید سے ہوا اور اس کے بعد قومی ترانے کی دھن بجائی گئی۔ جس کے بعد صدر ممنون حسین نے عمران خان کو وزیراعظم کے عہدے کا حلف دلایا۔ حلف برداری کی تقریب کے بعد ایوان تالیوں سے گونج اٹھا اور مہمانوں نے عمران خان کو وزیراعظم بننے پر مبارک باد پیش کی۔وزیر اعظم کا حلف اٹھانے کے بعد عمران خان کا وزیر اعظم کے چارج سنبھالنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔حلف برداری کے بعد عمران خان وزیر اعظم ہاؤس پہنچے، جہاں قومی ترانے کی دھن بجائی گئی اور انہیں مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔انہوں نے گارڈ آف آنرکا معائنہ کیا اوروزیراعظم ہاؤس کے عملے سے تعارف کرایا گیا۔ جس کے بعد عمران خان وزیراعظم ہاؤس سے وزیراعظم آفس پہنچے جہاں انہوں نے اپنی ذمہ داریاں سنبھال لیں، اس موقع پروزیراعظم عمران خان کوحکومتی امور پربریفنگ دی گئی۔قابل ذکر ہے کہ گزشتہ روز پاکستان کی قومی اسمبلی میں وزیراعظم کے انتخاب کے لیے رائے شماری کرائی گئی تھی جس کے دوران عمران خان کو ایک سو چھیہتر جبکہ ان کے مد مقابل امیدوار میاں شہباز شریف کو چھیانوے ووٹ ملے تھے۔رائے شماری میں عمران خان کو تحریک انصاف کے علاوہ متحدہ قومی موومنٹ، بلوچستان عوامی پارٹی، مسلم لیگ قاف ، بلوچستان نیشنل پارٹی، گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس، عوامی مسلم لیگ اور جمہوری وطن پارٹی کے ارکان نے ووٹ دیا۔عمران خان بحثیت وزیراعظم اتوار کے روز پاکستانی قوم سے خطاب اور اپنی حکومت کی ترجیحات کا اعلان کریں گے۔

ٹیگس