Sep ۱۰, ۲۰۱۸ ۰۷:۰۹ Asia/Tehran
  • محرم الحرام میں تخریب کاری کا منصوبہ ناکام دہشتگرد گرفتار

پاکستان کے صوبہ خیبر پختونخوا کےنواحی علاقے متنی میں پولیس نے کارروائی کرکے غیرملکی اسلحہ برآمد کرلیا اور 2 دہشتگردوں کو گرفتار کرلیا ہے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق پشاور کے نواحی علاقے متنی میں پولیس نے کارروائی کرکے بھاری مقدار میں زیرِزمین چھپایا گیا اسلحہ برآمد کرلیا ہے،  جب کہ دو دہشتگردوں کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔

ایس پی رورل سجاد خان کےمطابق کارروائی کے دوران دو دہشتگردوں جمیل اور بختیار کو گرفتار کرلیا گیا ہے جن کی نشاندہی پر زیرزمین چھپایا گیا اسلحہ برآمد کیا گیا ہے، برآمد ہونے والا اسلحہ غیرملکی ہے جس کی مالیت لاکھوں روپوں میں ہے۔ اسلحے میں 6 کلاشنکوف، 3 بندوق، 8 پستول، 123 میگزین و دیگر سامان شامل ہے۔

 پولیس کے مطابق ممکنہ طور پر یہ اسلحہ محرم الحرام میں تخریب کاری کے لئے استعمال ہونا تھا۔

دوسری جانب بلوچستان کے ضلع آواران میں آپریشن کےدوران 4 دہشت گرد اورایک  سکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق سیکیورٹی فورسز نے خفیہ اطلاعات پر بلوچستان کے علاقے آواران میں آپریشن کیا، جس کے دوران 4 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔ فائرنگ کے تبادلے میں سپاہی رمزعلی اور نائیک یعقوب زخمی ہوگئے تاہم رمزعلی زحموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم بلوچستان لبریشن آرمی سے تھا اور وہ بلوچستان کے علاقے مشکئی میں پاک فوج کے قافلے پر حملے میں ملوث تھے۔ اس حملے میں پاکستانی فوج کے 5 اہلکار ہلاک ہوئے تھے۔

 

ٹیگس