Sep ۲۱, ۲۰۱۸ ۰۹:۰۸ Asia/Tehran
  • کربلا اعلیٰ مقاصد کی خاطر ایثار و قربانی کی درسگاہ: عمران خان

یوم عاشور کے موقع پر پاکستان کے وزیراعظم نے کہا ہے کہ آج ہمیں متحد ہونے کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے۔

پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان نے یوم عاشور کے موقع پر قوم کے نام جاری پیغام میں کہا کہ آج کا دن ہمیں اس عظیم قربانی کی یاد دلاتا ہے جو نواسہ رسولؐ حضرت امام حسین علیہ السلام اور ان کے ساتھیوں نے دین کی حفاظت و حرمت کے لیے معرکہ کربلا میں پیش کی، واقعہ کربلا ہمیں اعلیٰ مقاصد کے حصول کی خاطر ایثار و قربانی کا درس دیتا ہے، استقامت اور حق کا حصول ہی وہ مشن ہے جس کے لیے کسی بھی قسم کی قربانی سے دریغ نہیں کرنا چاہیے۔

عمران خان نے کہا کہ آج کا دِن ہمیں نواسہ رسولؐ اور جگر گوشہ بتول حضرت امام حسین علیہ السلام کے عظیم افکار و اعمال کی یاد دلاتا ہے، حق و باطل کی لڑائی اس دور میں بھی جاری ہے، حضرت امام حسین علیہ السلام نے اپنی لازوال قربانی سے یہ ثابت کیا کہ باطل جب بھی حق سے ٹکرایا ہے نیست و نابود ہوا ہے، ثابت قدمی اور استقامت کی یہی مثال ہمارے لیے مشعل راہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ آج ہمیں متحد ہونے اور ایثار کے جذبے کی پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے تاکہ ہم دشمنوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا سکیں اور اسی میں ہم سب کی بقا ہے۔

ٹیگس