عمران خان کی حکومت یہودی لابی کی مرہون منت: مولانا فضل الرحمان
مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ نوازشریف سے ملاقات میں مہنگائی اورلوگوں کی مشکلات پر تفصیل کے ساتھ بات کی گئی۔
جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے جامعہ مدنیہ کریم پارک لاہور میں پارٹی کی جنرل کونسل کے اجلاس کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیلی طیارہ پاکستان میں اترچکا ، عام لوگ ان ٹیکنیکل چیزوں کو نہیں جانتے، عمران خان کی حکومت یہودی لابی کی صورت میں آئی ہے، اسرائیلی طیارے کی آمد کا مقصد ہوسکتا ہے یہ ہو کہ مجھے تسلیم کرو میں آپ کو اسلحہ دوں گا۔
مولانا فضل الرحمان کا مزید کہنا تھا کہ (ن) لیگ آل پارٹیز کانفرنس میں شرکت کے حوالے سے حتمی فیصلہ شہباز شریف سے مشاورت کے بعد کرے گی، پی ٹی آئی حکومت جعلی مینڈیٹ سے آئی ہے جس کی کارکردگی سے ملک کو نقصان پہنچ رہا ہےہم سوچ رہے ہیں کہ قوم کو درپیش مسائل کو حل کیسے کیا جائے، جب تک سود کی لعنت سے ملکی معیشت کو پاک نہیں کریں گے ہم ترقی نہیں کرسکتے۔