افغان طالبان پر پاکستان کا کتنا اثر
ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ افغان مفاہمتی عمل کے لئے پاکستان کے کردار کی ہر جگہ تعریف کی گئی ہے۔
پاکستانی ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے بریفنگ کے موقع پر کہا کہ کابل میں پاک - افغان - چین سہ فریقی مذاکرات مثبت رہے، تینوں نے دہشت گردی کے خلاف عزم کا اعادہ کیا، پاکستان نے افغان مفاہمتی عمل کے لئے اپنا کردار ادا کیا جس کی ہر جگہ تعریف کی گئی، تینوں ممالک کا مشاورتی اجلاس بھی ہوا اور انہوں نے دہشت گردی کے خلاف مل کر کام کرنے اور ون بیلٹ ون روڈ سے استفادہ کرنے پر اتفاق کیا۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے مزید کہا کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے افغان قیادت سے بھی ملاقاتیں کی اور وزیر خارجہ نے افغان قیادت کو قیام امن کے لئے پاکستان کے مکمل تعاون کا یقین دلایا، امید ہے کہ مذاکرات سے افغان مسئلے کا پرامن حل نکلے گا، پاکستان افغانستان میں قیام امن کے لیے ہرممکن کردار ادا کرے گا، طالبان کے حوالے سے ہم نے ہمیشہ کہا ہے کہ ہمارا محدود اثر ہے، مستقبل میں مذاکرات کب ہوں گے ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان کسی ملک کے اندرونی معاملات میں مداخلت نہیں کرتا، چین میں پاکستانی شوہروں کی چینی بیویوں کے جیل میں ہونے سے متعلق خبریں افواہیں ہیں۔