مجلس وحدت مسلمین کا تعزیتی پیغام
پاکستان میں مجلس وحدت مسلمین کے سیکریٹری جنرل نے فقیہ عالیقدر آیت اللہ سید محمود شاہرودی کے انتقال پر تعزیت پیش کی ہے۔
مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے سیکریٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے تعزیتی پیغام میں آیت اللہ شاہرودی کے انتقال پر گہرے رنج و الم اور افسوس کا اظہار کیا۔
انھوں نے بدھ کے روز ایک پیغام میں مرحوم آیت اللہ شاہرودی کو رہبر انقلاب اسلامی کا قریبی ساتھی قرار دیا۔ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ آیت اللہ ہاشمی شاہرودی کی وفات انقلاب اسلامی اور جمہوری اسلامی کیلئے بڑا نقصان ہے۔
انھوں نے کہا کہ مرحوم آیت اللہ شاہرودی، حضرت امام خمینی رح کی قیادت سے لے کر رہبرانقلاب اسلامی آیت اللہ العظمی سید علی خامنہ ای کی قیادت تک، انقلاب اسلامی کے صف اول کے مدافع رہے۔
اس سے قبل افغانستان کی شیعہ علما کونسل کے سربراہ آیت اللہ محمد آصف محسنی نے بھی اپنے تعزیتی پیغام میں آیت اللہ شاہرودی کے انتقال پر گہرے رنج و غم اور افسوس کا اظہار کیا۔
قابل ذکر ہے کہ آیت اللہ ہاشمی شاہرودی کے انتقال پر عالم اسلام کی اہم شخصیات کی جانب سے تعزیتی پیغامات کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔