Feb ۱۴, ۲۰۱۹ ۰۸:۰۲ Asia/Tehran
  • پاکستان میں سوشل میڈیا کے خلاف کریک ڈاؤن

پاکستان کی وفاقی حکومت نے نفرت پھیلانے والے سوشل میڈیا کے خلاف اگلے ہفتے سے سخت کریک ڈاؤن کا اعلان کیا ہے۔

اسلام آباد میں تقریب سے اظہار خیال کرتے ہوئے پاکستان کے وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ موجودہ دور میں روایتی میڈیا سے زیادہ بڑا مسئلہ سوشل میڈیا ہے، سماجی رابطوں کی ویب سائٹس کی نگرانی کرنے کی ضرورت ہے اور اس پر قوانین کی خلاف ورزی کرنے والے صارفین کو سزا دینی ہوگی ۔

وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ ہماری ایجنسیوں اور ایف آئی اے کے ورکنگ گروپ کا اہم اجلاس ہوا جس میں سوشل میڈیا پر جعلی اکاؤنٹس کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا، اس حوالے سے رواں ہفتے بھی اہم گرفتاریاں کی ہیں جبکہ اگلے ہفتے میں اس کے خلاف بڑا اور سخت کریک ڈاؤن ہوگا، سوشل میڈیا پر انتہا پسندی کا پرچار کرنے کی قطعی اجازت نہیں ہوگی ۔

فواد چوہدری نے کہا کہ لوگوں کو نفرت کا پرچار کرنے کی اجازت نہیں دیں گے، اس سے انتہا پسندی اور دہشت گردی پھیلتی ہے، شدت پسند طبقہ کہتا ہے کہ اس کی رائے پر بحث کی ضرورت نہیں، پھر وہ فتوے دیتا ہے، لوگوں کو دوسرے کی آزادی سلب کرنے کا حق نہیں، دنیا میں ہر آزادی کی حد ہوتی ہے، پاکستان میں کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ انہیں بے لگام آزادی حاصل ہے۔

ٹیگس