طالبان سے ملاقات افغان حکومت کے کہنے پرمنسوخ کی: عمران خان
پاکستان کےوزیراعظم نے کہا ہے کہ کراچی میں زیر سمندر ایشیا کے سب سے بڑے تیل و گیس کے ذخائر کی دریافت سے متعلق قوم کو جلد خوشخبری دوں گا۔
پاکستان کےوزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے افغان طالبان سے مذاکرات کے بارے میں ایک سوال کے جواب میں کہا کہ افغان طالبان نے مجھ سے ملاقات کی خواہش ظاہر کی تھی جس پر ملاقات طے ہوگئی تھی، لیکن افغان حکومت کے اعتراض کے بعد طالبان سے ملاقات منسوخ کی، افغان حکومت چاہتی ہے کہ وہ خود طالبان سے مل کر حالات بہتر بنائے، امریکا بھی افغانستان میں امن کے لئے طالبان سے مذاکرات کر رہا ہے اور ہم نے اس کی حمایت کی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ کراچی میں زیر سمندر ایشیا کے سب سے بڑے تیل اور گیس کے ذخائر دریافت ہونے کا اشارہ ملا ہے، قوم دعا کرے کہ یہ دریافت قوم کی تقدیر بدل دے۔
پاکستان کے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اب کوئی بلیک میلنگ نہیں چلے گی اور نہ ہی کوئی این آر او ملے گا، نوازشریف نے ایک فیکٹری سے 30 فیکٹریاں بنالیں لیکن 30 سال حکومت کرنے کے باوجود ایک ایسا اسپتال نہ بناسکے جہاں ان کا علاج ہو ، نوازشریف کو کس قانون کے تحت علاج کے لیے باہر بھجوائیں، ایسا کوئی قانون نہیں، انہیں علاج سے متعلق حکومت مکمل سہولیات دے رہی ہے، وہ ملک کے اندر جہاں چاہے علاج کراسکتے ہیں۔