دہشت گردی سے پاکستان میں انسانی جانوں اور املاک کانقصان ہوا: عمران خان
وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ پاکستان کسی مسلح گروپ کو اپنی سرزمین پر کام نہیں کرنے دے گا۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت قومی داخلی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا اس موقع پران کا کہنا تھا کہ دہشت گردی سے پاکستان نے انسانی جانوں اور املاک کانقصان برداشت کیا، پاکستان کسی مسلح گروپ کو اپنی سرزمین پر کام نہیں کرنے دے گا۔
پاکستانی میڈیا کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کو کالعدم تنظیموں کے خلاف جاری کریک ڈاؤن پر بریفنگ دی گئی اور فنانشل ایکشن ٹاسک فورس کی سفارشات پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ مدارس میں اصلاحات کے حوالےسے بھی غور کیا گیا۔
اجلاس کے دوران عمران خان کا کہنا تھا کہ نیشنل ایکشن پلان پرعملدرآمد حکومت کی اولین ترجیح ہے، حکومت نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کیلئے پرعزم ہے، نیشنل ایکشن پلان پوری قوم کی امنگوں کی ترجمانی اور تمام سیاسی جماعتوں کا متفقہ پلان ہے۔