Jul ۰۲, ۲۰۱۹ ۰۹:۵۹ Asia/Tehran
  • رانا ثناء اللہ کی گرفتاری پر مسلم لیگ (ن) کا رد عمل

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثناء اللہ کو آج جوڈیشل مجسٹریٹ لاہور کی عدالت میں پیش کیا جائے گا جہاں اے این ایف حکام عدالت سے رانا ثناء اللہ کے جسمانی ریمانڈ کی درخواست کریں گے۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما رانا ثنا اللہ کی عدالت میں پیشی پر ضلع کچہری میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز اینٹی نارکوٹکس فورس (اے این ایف) نے مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر اور رکن قومی اسمبلی رانا ثنااللہ کو منشیات رکھنے کے جرم میں گرفتار کرلیا تھا۔ اے این ایف حکام کے مطابق موٹروے پر سکھیکی کے قریب رانا ثنااللہ کی گاڑی روک کر تلاشی لی گئی تو اس سے بھاری مقدار میں منشیات برآمد ہوئی، رانا ثنا اللہ کو گرفتار کرتے وقت ان کے گارڈزنے مزاحمت کی جس پر قانون ہاتھ میں لینے کی کوشش پر گارڈز کو بھی گرفتار کرلیا گیا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے رانا ثنا اللہ کی گرفتاری پر پارٹی کا ہنگامی اجلاس لاہور میں طلب کرلیا جس میں رانا ثنا اللہ کی گرفتاری اور آئندہ کی حکمت عملی کے حوالے سے غور کیا جائے گا۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے رانا ثنااللہ کی گرفتاری کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ اس سے زیادہ مضحکہ خیز بات کیا ہو سکتی ہے کہ اے این ایف رانا ثنااللہ کو گرفتار کرے ۔

واضح رہے کہ رانا ثنااللہ کا نام ماڈل ٹاون سانحہ کے ایف آئی آر میں بھی ہے اور علامہ طاہرالقادری نے ان کی گرفتاری اور انھیں سزا دینے کا مطالبہ بھی کیا تھا۔

 

ٹیگس