مولانا فضل الرحمٰن مذہبی کارڈ استعمال نہ کریں: فوادچوہدری
فواد چوہدری نے کہا ہے کہ تحریک لبیک پاکستان ( ٹی ایل پی) کو مذہبی سیاست کی اجازت نہیں تو مولانا فضل الرحمٰن کو کیسے دے دیں؟
میڈیا سے گفتگو میں پاکستان کے وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہےکہ اپوزیشن مولانا فضل الرحمٰن کے ہاتھوں میں کھیل کر احتساب کے عمل میں رکاوٹ نہ بنے، جب ٹی ایل پی کو مذہبی سیاست کی اجازت نہیں ہے تو مولانا فضل الرحمٰن کو کیوں کر دی جاسکتی ہے؟
انہوں نے مزید کہا کہ کرایہ داری کے قانون کا اطلاق مولانا فضل الرحمٰن پر ہونا چاہیے جن کی کچھ خدمات اپوزیشن جماعتوں جیسے ن لیگ اور پیپلز پارٹی نے کرائے پر حاصل کی ہوئی ہیں۔
وفاقی وزیر نے اپوزیشن جماعتوں کو دعوت دی کہ آئیں جو کرنا ہے کریں،ہم کنٹینر بھی دیں گے مگر مسلح ہوکر سیاست نہ کریں۔
انہوں نے مولانا فضل الرحمٰن کو ہدف تنقید بناتے ہوئے کہا کہ وہ مذہبی کارڈ استعمال کررہے ہیں، پی پی اور ن لیگ ان سے دوری اختیار کرے، مدرسے کے بچوں کو سیاست کا آلہ کار بنایا جارہا ہے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ ہم نے اس سال 9 اعشاریہ 8 ارب ڈالر قرضہ واپس کیا ہے، ہم ایک سال میں پاکستانی معیشت کی بنیاد اور خارجہ پالیسی کی سمت ٹھیک کی ہے۔