Jul ۳۱, ۲۰۱۹ ۱۴:۲۶ Asia/Tehran
  • کشمیر کی کنٹرول لائن پر فائرنگ کا تبادلہ

کشمیر میں لائن آف کنٹرول پر ہندوستان اور پاکستان کے فوجیوں کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں دونوں طرف کے متعدد افراد کے مارے جانے کی خبر ہے جبکہ اسلام آباد میں ہندوستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر کو وزارت خارجہ طلب کر لیا گیا۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ نے اعلان کیا ہے کہ لائن آف کنٹرول پر ہندوستان کی فائرنگ میں ایک عام شہری ہلاک اور نو دیگر زخمی ہو گئے۔ پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر نے دعوی کیا ہے کہ پاکستان کی جوابی فائرنگ سے تین ہندوستانی فوجی ہلاک اور متعدد زخمی ہو گئے۔ اسلام آباد میں ہندوستان کے ڈپٹی ہائی کمشنر گوراو اہلوالیا کو پاکستانی دفتر خارجہ میں طلب کرکے احتجاج ریکارڈ کرایا گیا۔
دوسری جانب ہندوستان نے پاکستان پر فائرنگ شروع کرنے کا الزام لگایا ہے۔ ہندوستانی ذرائع کا کہنا ہے کہ پاکستانی فوج نے لائن آف کنٹرول کے بانڈی پورہ علاقے میں فائرنگ اور گولہ باری کی جس میں ایک خاتون ہلاک اور محکمہ صحت کا ایک ملازم زخمی ہو گیا- ہندوستان کے زیرانتظام کشمیر کے شمالی علاقے کرناہ سیکٹر میں فائرنگ کے شدید تبادلے کے پیش نظر بدھ کو بھی بازار، تجارتی مراکز اور اسکول بند اور دیگر معمولات زندگی پوری طرح معطل رہے۔

 

ٹیگس