یمن پر صیہونی جارحیت ، یمنی فوج نے بھی جوابی کارروائی کی
یمن پر جارح صیہونی حکومت کے حملے کےبعد کہ جس میں درجنوں افراد شہید اور زخمی ہوگئے، یمن نے بھی جوابی کارروائی کی ہے۔
سحرنیوز/عالم اسلام:یمن کی اعلی سیاسی کونسل کے سربراہ مہدی المشاط نے اپنی سرزمین پر اسرائیلی حملے کے بعد ایک بیان میں کہا کہ یمن پر اسرائیل کی وحشیانہ جارحیت ناکام ہوگئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ صیہونیوں کو پوری طرح تیار رہنا چاہیے کیونکہ یمن پر جارحانہ حملے کا جواب ضرور دیا جائے گا۔
انصار اللہ یمن کے ایک رہنما نصراالدین عامر نے کہا کہ صیہونی دشمن کے حملے ہماری مسلح افواج کی کارروائیوں کو متاثر نہیں کرسکتے۔
ہم اپنے ملک پر حملے کا جواب دیں گے اور خطے میں دشمن اسرائیل کے منصوبوں کا مقابلہ کریں گے-انصار اللہ یمن کے ایک اور رہنما حزام الاسد نے بھی کہا کہ ہم غزہ کے مظلوم عوام کی حمایت میں اپنے اصولی موقف پر قائم ہیں-
ادھر یمن کی مسلح افواج نے اعلان کیا ہے کہ اس کے میزائل یونٹ نے ایک ہائپرسونک بیلسٹک میزائل فلسطین ٹو کے ذریعے مقبوضہ بیت المقدس کے اطراف میں حساس اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔یمنی فوج کے ترجمان میجر جنرل یحیی سریع نے کہا کہ یہ کارروائی مکمل کامیابی سے انجام پائی جس کے نتیجے میں صہیونی پناہ گاہوں کی طرف دوڑنے پر مجبور ہوئے۔
دوسری جانب یمن کے خلاف جارح صیہونی حکومت کے حملے کی مذمت کا سلسلہ جاری ہے- اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے یمن کے بنیادی ڈھانچے اور رہائشی علاقوں بشمول صنعا میں دو میڈیا اداروں کی عمارتوں پر اسرائیل کے مجرمانہ حملوں کی شدید مذمت کی ہے۔
اسلامی جمہوریہ ایران کی وزارت خارجہ نے مظلوم فلسطینی عوام کے ساتھ یمنی عوام کی مسلسل جرات مندانہ یکجہتی کو سراہتے ہوئے اور صیہونی حکومت کی فوجی جارحیت کے دوران یمن کے معصوم بچوں کی شہادت پر تعزیت کا اظہار کیا ہے۔
فلسطین کی تحریک حماس ، تحریک جہاداسلامی اور لبنان کی حزب اللہ نے بھی یمن پر صیہونی حملے کو بین الاقوامی قوانین کی سنگین خلاف ورزی، یمن کی خودمختاری پر حملہ اور علاقے میں صیہونیوں کی بڑھتی ہوئی لاقانونیت کا تسلسل قرار دیا ہے۔
لبنان کی حزب اللہ نے یمنی میڈیا اور صحافیوں پر اسرائیلی فضائی حملے کی شدید مذمت کرتےہوئے کہا ہے یہ جارحیت ، نیتن یاہو کے دیوالیہ پن اور مایوسی کی عکاسی کرتی ہے جو خیالی فتوحات کے حصول کے لیے کوشاں ہے۔