Aug ۰۸, ۲۰۱۹ ۰۸:۰۳ Asia/Tehran
  • جموں و کشمیر کے بارے میں ہندوستان کے اقدام کے بعد پاکستان کی قومی اسمبلی میں اس اقدام کے خلاف قرارداد کی منظوری

پاکستانی پارلیمنٹ نے ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کے حکومت ہندوستان کے اقدام کے خلاف قرار داد متفقہ طور پر منظور کر لی ہے۔

پاکستان کے زیر انتظام کشمیر سے متعلق اس ملک کی پارلیمانی کمیٹی کے چیئرمین سید فخر امام نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں قرارداد پیش کی، اور پارلیمنٹ نے قرارداد کی متفقہ طور پر منظوری دے دی۔

قرارداد میں کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس ہندوستان کی جانب سے کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرنے کی شدید مذمت کرتا ہے۔ قرارداد میں کہا گیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کا کوئی یک طرفہ حل قبول نہیں، یہ مسئلہ ،اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کیا جائے اور کشمیری عوام کو استصواب رائے کا حق دیا جائے۔

قرارداد میں ہندوستان سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں اور غیر قانونی اقدامات ختم کرنے اور کشمیری قیادت کو فوری رہا کرنے کا مطالبہ بھی شامل ہے۔

پاکستانی پارلیمنٹ کی قرارداد میں ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے نہتے عوام پر سیکورٹی اہلکاروں کے حملوں اور ایل او سی پر ہونے والی فائرنگ کی بھی شدید مذمت کی گئی ہے۔ قرارداد میں یہ عہد بھی کیا گیا کہ پاکستان، ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر کے عوام کی تحریک آزادی کی سفارتی، اخلاقی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔

دوسری طرف بدھ اور جمعرات کی درمیانی رات لائن آف کنٹرول پر ہندوستان اور پاکستان کی فوجوں کے درمیان سخت جھڑپیں ہونے کی خبر ہے ۔

ٹیگس