Aug ۰۸, ۲۰۱۹ ۲۰:۰۰ Asia/Tehran
  • کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا حق ہونا چاہئے، پاکستان

پاکستان کے وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ کشمیریوں کو اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرنے کا اختیار ہونا چاہئے۔

ہمارے نمائندے کی رپورٹ کے مطابق شاہ محمود قریشی نے اسلام آباد میں ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ کشمیریوں کے خلاف بندشیں ہندوستان کا یکطرفہ اقدام ہے اور کشمیر میں استصواب رائے کرائے جانے کی ضرورت ہے۔
انھوں نے سیاسی اور سفارتی طریقے سے مسئلہ کشمیر کو حل کئے جانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ان کا ملک ہندوستان کی دھمکیوں سے مرعوب نہیں ہو گا۔
پاکستان کے وزیر خارجہ نے کہا کہ اسلام آباد، نئی دہلی کے خلاف کسی فوجی آپشن پر غور نہیں کر رہا ہے تاہم وہ قانونی اور سیاسی طریقوں سے کشمیریوں کو ان کے حقوق دلوانے کی کوشش جاری رکھے ہوئے ہے۔
شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ہندوستان کے ساتھ تجارت معطل کی جارہی ہے، سفارتی روابط کی سطح میں کمی کی جائے گی، دو طرفہ معاملات کا از سر نو جائزہ لیا جائے گا، مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں اٹھایا جائے گا اور چودہ اگست کو کشمیریوں سے یک جہتی کا دن منایا جائے گا۔
پاکستان کے وزیر خارجہ نے اسی طرح کہا کہ پندرہ اگست، ہندوستان کے یوم آزادی کو یوم سیاہ کے طور پر منایا جائے گا۔
پاکستان کے وزیر خارجہ نے اسی کے ساتھ اعلان کیا کہ نئی دہلی سے پاکستان کے سفیر کو واپس بلایاجا رہا ہے اور ہندوستان کے سفیر کو پاکستان سے واپس جانے کا حکم دے دیا گیا ہے۔

ٹیگس