کشمیر کے بارے میں ہندوستان کے الزام کی پاکستان کی جانب سے تردید
پاکستان کی فوج نے ہندوستان کے اس الزام کو مسترد کر دیا ہے کہ اسلام آباد ہندوستان کے زیر انتظام کشمیر میں مداخلت کر رہا ہے۔
ارنا کی رپورٹ کے مطابق پاکستانی فوج کے ترجمان جنرل آصف غفور نے کشمیر کے امور میں پاکستان کی مداخلت پر مبنی ہندوستان کے ایک فوجی کمانڈر کے الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس طرح کا الزام کشمیر کے مسئلے سے عالمی اداروں کی توجہ ہٹانے کی ایک کوشش ہے۔
جنرل آصف غفور نے تاکید کے ساتھ کہا کہ پاکستان کے خلاف ہندوستان کے فوجی کمانڈر جنرل کنول جیت سنگھ کا بیان، جنگ کے لئے اشتعال انگیز اور جنگ کی توجیہ پیش کرنے کی ایک کوشش ہے۔
انھوں نے کہا کہ پاکستان کو جارحیت کا نشانہ بنایا گیا تو منھ توڑ جواب دیا جائے گا۔
واضح رہے کہ مسئلہ کشمیر پر ہندوستان اور پاکستان کے درمیان شدید اختلافات پائے جاتے ہیں اور یہ اختلافات، کبھی بھی جنگ کے دہانے پر پہنچ جاتے ہیں۔